راولپنڈی میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر لڑکی پر تشدد اور فائرنگ کرنے کے واقعے میں ملوث ڈاکو کو گرفتار کر لیا گیا۔ذرائع کے مطابق ایس ایس پی آپریشنز طارق محبوب کی تشکیل کردہ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لیا۔ ذرائع نے بتایا کہ ڈاکو کی گرفتاری سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے عمل میں آئی۔گرفتار ہونے والے ڈاکو کا نام سبیل بتایا گیا ہے اور اس کا تعلق کشمیر سے ہے۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ وارث خان پولیس نے متاثرہ لڑکی کی مدعیت میں درج کیا تھا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو لڑکی سے بیگ چھینتے، اس پر تشدد کرتے اور فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لڑکی انتہائی بہادری کے ساتھ ڈاکو کی درندگی پر مزاحمت کرتی ہے اور آخر میں فرار ہونے پر ڈاکو کے پیچھے بھی بھاگتی رہی۔ متاثرہ لڑکی آخری وقت تک اپنے حق کے لیے ہرممکن کوشش کرتی رہی۔واضح رہے کہ لڑکی کمرشل مارکیٹ سے شاپنگ کے بعد گھر واپس آ رہی تھی کہ گلی میں ڈاکو نے واردات کی کوشش کی، اس دوران لڑکی کی بھرپور مزاحمت کے دوران ڈاکو نے لڑکی پر تشدد کیا اور اسے زدوکوب کرکے فرار ہوگیا تھا۔واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج ذرائع ابلاغ اور سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد سی سی ڈی کی ٹیمیں بھی ڈاکو کے تعاقب میں تھیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی