i پاکستان

راولپنڈی،اسلام آباد اور دیگر علاقوں میں طوفانی بارش، نشیبی علاقے زیرآب،درخت گرنے سے گاڑیوں کو نقصان،دوافراد زخمی، بجلی منقطعتازترین

September 12, 2026

جڑواں شہروں راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے دیگر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی، نشیبی علاقے زیرآب آگئے، مختلف سیکٹرز میں بجلی کی آنکھ مچولی ہوتی رہی۔اسلا م آباد میں آندھی کے باعث سپورٹس کمپلیکس میں کنسرٹ کا سٹیج گر گیا، ایف ٹین میں درخت گرنے سے گاڑیوں کو نقصان پہنچا، ٹریفک روانی متاثر ہوئی۔اس کے علاوہ راولپنڈی میں آندھی کی وجہ سے مختلف علاقوں میں بجلی سپلائی منقطع ہوگئی۔ ہری پور میں تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی، پنیاں میں درخت گرنے سے دو افراد زخمی ہوگئے، سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔پشاور کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی جبکہ اٹک اور نیلم آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ بٹ خیلہ میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی، ندی نالوں میں طغیانی آگئی، بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہوا۔صوابی میں بھی موسلادھار بارش ہوئی، نشیبی علاقے زیر آب آنے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے 17 ستمبر کے تک ملک میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کر دی ہے ۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کا نواں اور آخری سپیل ہفتہ کے روزسے شروع رہا ہے جس کے تحت 17 ستمبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کاامکان ہے۔ ترجمان نے بتایاکہ راولپنڈی، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور اٹک میں بارش کی پیشگوئی ہے جب کہ لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاوالدین، گوجرانوالہ، گجرات، وزیرآباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب ،سرگودھا،خوشاب اور نور پور تھل میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔اس کے علاوہ میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈی جی خان اور ملتان میں بارش متوقع ہے جب کہ مری، گلیات اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی ، لاہور ، گوجرانوالا اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، لاڑکانہ،جیکب آباد، میرپورخاص، تھرپارکر، ٹھٹہ،بدین اور گردونواح میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی