پنجاب پولیس نے رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں کامیاب ٹارگیٹڈ آپریشن کرتے ہوئے دو مغوی شہریوں کو بازیاب کروالیا۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں کی قیادت میں تھانہ احمد پور لمہ پولیس نے کچہ کرمنلز کے خلاف آپریشن کیا۔اس دوران دو طرفہ شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس کے نتیجے میں ملزمان مغوی شہریوں کو چھوڑ کر فرار ہو گئے۔پولیس کے ترجمان کے مطابق ڈاکوں کے خلاف جدید ٹیکنالوجی، بکتر بند ایلیٹ فورس کا استعمال کیا گیا، پولیس نے ڈاکوں کے ٹھکانوں کو آگ لگادی جبکہ ڈاکوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح ملزمان نے ضمیر اور رمضان نامی شہریوں کو چند روز قبل اغوا کر کے کچہ منتقل کیا تھا۔ مغوی ضمیر اور رمضان آرائیں کے اغوا کا مقدمہ تھانہ احمد پور لمہ میں درج تھا۔دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے مغویوں کو باحفاظت بازیاب کروانے پر ڈی پی او عرفان علی سموں اور پولیس ٹیم کو شاباش دی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی