i پاکستان

رومانیہ میں پاک بحریہ کے چوتھے آف شور پٹرول جہاز کی لانچنگ تقریب کا انعقادتازترین

February 21, 2024

پاک بحریہ کے لیے تعمیر کیے جانے والے چوتھے جدید ترین آف شور پٹرول جہاز پی این ایس یمامہ کی لانچنگ کی تقریب ڈیمن شپ یارڈ گلاٹی، رومانیہ میں منعقد ہوئی۔ وائس چیف آف دی نیول اسٹاف، وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیف آف دی نیول اسٹاف نے بحر ہند کے علاقے سے گزرنے والی توانائی اور تجارتی شاہراہوں کو موجودہ روایتی اور غیر روایتی سمندری خطرات کے تحت میری ٹائم سیکیورٹی کی اہمیت پر زور دیا۔ اس تناظر میں انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاک بحریہ سمندری تجارت کے لیے محفوظ سمندری ماحول کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے اپنے اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کثیر المقاصد اور ہمہ جہت، جدید ترین ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس جہازوں کی شمولیت پاک بحریہ کے بحری بیڑے کی بحری سرحدوں کی حفاظت کے لیے جنگی صلاحیت کو مزید مضبوط کرے گی جبکہ بحر ہند کے علاقے بالخصوص بحیرہ عرب میں میری ٹائم سیکیورٹی کو یقینی بنائے گی۔ قبل ازیں اپنے استقبالیہ خطاب کے دوران ڈیمن گروپ ہالینڈ کے چیف آپریشنز آفیسر کا کہنا تھا کہ ڈیمن شپ یارڈ اور پاکستان نیوی کے 1986 سے تاریخی تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاک بحریہ کی آپریشنل ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ڈیمن شپ یارڈ کم لاگت، تکنیکی طور پر جدید اور طاقتور جہازوں کی فراہمی جاری رکھے گی۔ لانچنگ کی تقریب میں رومانیہ کی حکومت اور بحریہ کے نمائندوں، پاکستان نیوی کے افسران، ڈیمن شپ یارڈ کے حکام اور رومانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے معززین نے شرکت کی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی