i پاکستان

سعودی عرب میں بھکاری نیٹ ورک بے نقاب، حوالہ ہنڈی کے ذریعے رقوم منتقلی کا انکشافتازترین

April 01, 2026

سعودی عرب میں منظم بھکاری نیٹ ورک کے حوالہ ہنڈی کے ذریعے رقوم کی منتقلی کا انکشاف ہوا ہے۔ایف آئی اے امیگریشن کے مطابق مسافر محمد جمیل اور گڑیا بی بی فیصل آباد کے رہائشی ہیں، دونوں سعودی عرب سے کراچی پہنچے، دوران کلیئرنس مسافروں کو مشکوک بنیادوں پر روکا گیا۔ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ دونوں عمرہ ویزہ پر بیرون ملک گئے تھے، مسافروں نے جہلم کے ایجنٹ کشمیر علی کے ذریعے سفر کرنے کا اعتراف کیا، مزید تفتیش میں منظم بھکاری نیٹ ورک کا انکشاف ہوا، نیٹ ورک سعودی عرب میں بھیک مانگ کر رقوم اکٹھی کرتا تھا، یہ رقوم حوالہ ہنڈی کے ذریعے کینیڈا میں موجود ایجنٹ کو منتقل کی جاتی تھیں۔

تفتیش کے مطابق ملزمان نے سہولت کار افتخار عرف وکیل کا نام ظاہر کیا، ملزم مختلف ممالک میں افراد کو بھیک مانگنے کیلئے بھجواتا تھا، دوران تفتیش ایک بینک اکاونٹ بھی سامنے آیا جس کے ذریعے رقوم کی منتقلی کی جاتی رہیں۔حکام کے مطابق ملزمان کے موبائل فونز سے رسیدیں اور وائس نوٹس بھی برآمد ہوئے ہیں، دونوں مسافروں کو حراست میں لیکر مزید کارروائی کیلئے اے ایچ ٹی سی کراچی کے حوالے کر دیاہے جہاں ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی