پی ٹی آئی وکیل بیرسٹرعلی ظفر نے کہا ہے کہ صدر مملکت اور الیکشن کمیشن نے 8فروری کوعام انتخابات کی تاریخ دے دی، یہ پٹیشن پی ٹی آئی اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے دی تھی،خوشی ہے کہ تمامسیاسی جماعتوں نے سپریم کورٹ فیصلے پر خوش آمدید کہا، ماضی میں پی ڈی ایم حکومت کی جانب سے انتخابات میں تاخیر کی بات کی گئی، ملک میں انتخابات کا نیا دور شروع ہونے والا ہے،سب چاہتے ہیں کہ صاف اور شفاف انتخابات ہونے چاہئیں۔جمعہ کے روزسپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی وکیل بیرسٹرعلی ظفر نے کہا کہ صدرمملکت اور الیکشن کمیشن کے درمیان میٹنگ ہوئی، میٹنگ میں فیصلہ ہوا کہ 8فروری کو عام انتخابات ہونے چاہئیں،تمام قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی دن کو ہوں گے،اعلیٰ عدلیہ اس فیصلے سے مطمئن نہیں تھی،
عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ عام انتخابات سے متعلق صدر کی جانب سے مشاورت ہونی چاہیے،ایسا نہ ہواکہ صدر کہیں کہ میں نے تاریخ نہیں دی،صدرمملکت نے خط میں تحریر کیا کہ باقاعدہ میٹنگ ہوئی اور باہمی مشاورت سے عام انتخابات کی تاریخ طے پائی،عدالت پھر بھی مطمئن نہ ہوئی۔انہوں نے کہا کہ عدالت نے اٹارنی جنرل اور دیگر سے رائے لی کہ آپ کو عام انتخابات کی تاریخ پر کوئی اعتراض تو نہیں، سب نے متفقہ طورپر منظوری دے دی،عدالت نے خبردار کیا کہ یہ تاریخ ہم نے نہیں بلکہ صدر اور الیکشن کمیشن نے مقرر کی ہے،اگرکسی نے بعد میں مسئلہ کیا کہ نتیجہ سخت ہوگا،عدالت کا کہنا تھا کہ ابھی آپ نے ہماری شرافت دیکھی ہے غصہ نہیں دیکھا،
آپ ایسی کوئی حرکت نہ کریں کہ ہمیں آپ کے خلاف سخت ایکشن لینا پڑے،کوئی بھی میڈیا پر نہ کہے کہ الیکشن کسی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوگئے،عدالت نے الیکشن کمیشن کو پیمرا سے شکایت کرنے کی ہدایت کر دی۔بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ یہ پٹیشن پی ٹی آئی اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے دی تھی،مجھے خوشی ہے کہ ساری سیاسی جماعتوں نے سپریم کورٹ فیصلے پر خوش آمدید کہا،سب نے اتفاق کیا کہ عام انتخابات 8فروری کو ہونے چاہئیں،کوشش صرف پی ٹی آئی اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے کی کہ معاملے کو سپریم کورٹ تک لایا جائے،ماضی میں پی ڈی ایم حکومت کی جانب سے انتخابات میں تاخیر کی بات کی گئی،ماضی میں جوکچھ ہوا اس بھول جانا بہتر ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں انتخابات کا نیا دور شروع ہونے والا ہے،سب چاہتے ہیں کہ صاف اور شفاف انتخابات ہونے چاہئیں،ہمیں مستقبل کی طرف دیکھنا چاہیے،ایسا الیکشن بنائیں کہ سب کو پلیئنگ لیول فیلڈ ملے،تاریخ میں ایسے الیکشن کو یاد رکھا جائے گا،ہماری تمام ترتوجہ انتخابات کرانے میں ہونی چاہیے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی