i پاکستان

صدر و وزیرِ اعظم اور وزیر داخلہ کا فتنہ الخوارج کیخلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسینتازترین

September 18, 2026

صدرِ مملکت آصف علی زرداری‘ وزیرِ اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ایک بیان میں صدرِ مملکت نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہونے والے بہادر جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا کی عظیم قربانیاں قوم کے عزم اور حوصلے کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔انہوں نے شہید جوانوں کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے بہادر سپوت وطن کے دفاع اور امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہنگو اور شمالی وزیرستان میں 10 خوارج کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہونے والے 6 جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دفاع، امن و سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ دینے والے ہمارے بہادر سپوت پوری قوم کے ہیرو ہیں، شہدا کی عظیم قربانیاں قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان اور ہنگو میں کارروائیوں کے دوران 10 خوارجیوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔انہوں نے قافلے پر حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے 6 بہادر جوانوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قوم کو وطن کے بہادر بیٹوں پر ناز ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی