شعبہ توانائی کے گردشی قرض میں کمی کیلئے بینکوں کے ساتھ 1275 ارب روپے کا قرض معاہدہ طے پاگیا۔شعبہ توانائی کے گردشی قرض میں کمی کے لئے حکومتی کوششیں رنگ لے آئیں۔سرکلرڈیٹ کے خاتمے کے لئے 18 بینکوں سے ایک ہزار 275 ارب روپے قرض کا معاہدہ طے پاگیا۔ مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے اسے تاریخی پیشرفت قرار دیا ہے۔وزیراعظم کی ہدایت پر قائم ٹاسک فورس کی کوششوں سے سرکلر ڈیٹ کے خاتمے کے لئے 1275 ارب روپے کا قرض معاہدہ طے پاگیا ۔18 بینکوں کا کنسورشیم آسان شرائط پرقرضے دے گا۔ وزارت توانائی کے مطابق بجلی صارفین پر اضافی بوجھ نہیں آئے گا بلکہ انہیں موجودہ ڈیٹ سروسنگ سرچارج ہی ادا کرنا پڑے گا۔وزارت توانائی کے مطابق موجودہ ڈیٹ سروسنگ سرچارج 3 روپے 23 پیسے ہے۔ فنانسنگ پر شرح منافع 3 ماہ کا کائبور مائنس 0.9 فیصد مقرر ہے۔ موجودہ ڈیٹ سروس سرچارج سے 5 تا 6 سال میں مکمل ادائیگی ہوگی۔ پرانے مہنگے قرضے ختم جبکہ نیا پیکج کم شرح سود پر حاصل ہوگا۔ 683 ارب روپے پاور ہولڈنگ لمیٹڈ کے قرضوں کی ادائیگی کے لیے مختص ہیں جبکہ باقی 592 ارب روپے آئی پی پیز کو پرانی ادائیگیوں کی مد میں دئیے جائیں گے۔وفاقی وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے ایکس پیغام میں کہا شہباز شریف حکومت نے تاریخ ساز توانائی اصلاحات کیں۔ شعبہ توانائی میں گردشی قرضے کا تاریخی مسئلہ کامیابی سے حل کرلیا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی