i پاکستان

سکردو میں بچوں کے لئے پہلے تھیم پارک کا جلد سنگِ بنیاد رکھا جائے گا۔ وزیر مملکت برائے سیاحت وصی شاہتازترین

September 02, 2023

وزیر مملکت برائے سیاحت وصی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے صنعت کے شعبے میں  بیرونی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان علاقوں میں سیاحوں کو جدید سہولیات فراہم کر کے بیرونی سیاحوں کو متوجہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکردو میں بچوں کے لئے پہلے تھیم پارک کا جلد سنگِ بنیاد رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انُہوں نے اپنے دفتر میں برطانیہ سے آئے ووکنگ بورو کونسل برطانیہ کے میئر محمد الیاس کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں معروف بزنس مین صابر حسین ،سیف اللہ سیف ایڈیٹر ان چیف روزنامہ مرکز، امریکا شامل تھے۔  وزیر ممُلکت برائے سیاحت وصی شاہ نے ووکنگ بورو کونسل برطانیہ کے میئر محمد الیاس راجہ کی خدمات کو سراہا اور انہیں پاکستان کا فخر قرار دیا۔  میئر نے وصی شاہ کی ان کوششوں کو سراہا جو انہوں نے ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے شروع کی ہیں۔

 انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیر مملکت وصی شاہ کے اقدامات سے پاکستان کی سیاحت مزید فروغ پائے گی اور انہیں ورکنگ بورو، سرے یو کے کے میئر کی حیثیت سے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ وزیر مملکت  برائے سیاحت وصی شاہ نے وفد کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان میں نگراں وفاقی حکومت کی جانب سے فراہم کیے جانے والے سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔ وصی شاہ نے پاکستان کے شمالی علاقوں کے اپنے حالیہ دورے کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ  اُنہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہیں کہ پاکستان کے شمالی علاقوں میں سیاحوں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں  اور اس سلسلہ میں سکردو میں پچوں کے لئے پہلے تھیم پارک کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سیاحوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اُٹھائے جائیں گے تاکہ دنیا بھر سے سیاح ان خوبصورت علاقوں کا رخ کریں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں کاروبار اور انویسٹمنٹ کے وسیع مواقع موجود ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ ان سے فائدہ اُٹھایا جاسکے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی