i پاکستان

سندھ ہائیکورٹ، الیکشن دھاندلی سے متعلق سماعت کیلئے ٹربیونلز تشکیل، نوٹیفکیشن جاریتازترین

February 16, 2024

چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے معاملات پر صوبے بھر میں الیکشن پٹیشن کی سماعت کیلئے ٹریبونلز تشکیل دے دیئے۔ اس ضمن میں رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی ڈویژن کیلئے پرنسپل سیٹ ہائی کورٹ میں الیکشن پٹیشن کی سماعت ہوگی جس کیلئے 2 بنچ تشکیل دیئے گئے ہیں، بنچ ون جسٹس محمد کریم خان آغا، جبکہ بنچ ٹو جسٹس عدنان اقبال چودھری پر مشتمل ہوگا۔ سکھر ڈویژن میں الیکشن پٹیشن کی سماعت جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کریں گے، حیدر آباد ڈویژن میں الیکشن پٹیشن کی سماعت جسٹس امجد علی سہتو کریں گے جبکہ لاڑکانہ ڈویژن میں الیکشن پٹیشن کی سماعت جسٹس محمد سلیم جیسر کریں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن کمیشن سندھ نے صوبے میں الیکشن پٹیشن کی سماعت کیلئے ٹریبونل کی تشکیل کیلئے سندھ ہائی کورٹ کو خط لکھا تھا۔ نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ٹریبونلز انتخابات میں ہونیوالی مبینہ دھاندلی سے متعلق درخواستوں کی سماعت کریں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی