سندھ ہائیکورٹ نے شہر کے پبلک پارکس اورپلے گراونڈز میں داخلہ اور پارکنگ فیس وصول کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ کراچی میں پبلک پارکس اورپلے گرانڈز میں داخلہ اور پارکنگ فیس وصولی کے خلاف درخواست پر سندھ ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ دوران سماعت قائم مقام چیف جسٹس عرفان سعادت نے کہا کہ شہری حکومت کے اداروں نے سب کو گھن چکر بنا رکھا ہے، ہم پبلک پارکس اور پلے گرانڈز میں کمرشل کام نہیں ہونے دیں گے۔ سماعت میں درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ نے پبلک پارکس اورپلے گرانڈز میں داخلہ فیس ختم کرنے کا حکم دیا تھا جس پر عدالت نے کے ایم سی، ڈی ایم سیز اور دیگر اداروں کے تحت چلنے والے پارکس اورپلے گراونڈز کی تفصیلات طلب کرلی۔ عدالت نے کہا کہ پبلک پارکس اگر کسی کو لیز پر دیے ہیں تو اس کی بھی فہرست پیش کی جائے۔ اس دوران کے ایم سی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کے ایم سی نو پرافٹ نو لاس پر کام کررہا ہے، ہم نے پارکس میں داخلہ فیس معطل کردی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی