i پاکستان

سندھ اسمبلی کے نو منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا، اپوزیشن کا احتجاج،نعرے بازیتازترین

February 24, 2024

سندھ اسمبلی کے نو منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا، سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے نو منتخب اراکین سے سندھی، ارود اور انگریزی زبان میں حلف لیا، اجلاس میں پیپلز پارٹی کے 111 اور ایم کیو ایم کے 36 ارکان نے حلف اٹھایا،سندھ اسمبلی میں حلف برداری کے دوران اپوزیشن رہنماوں نے احتجاج کیا اور نعرے بازی شروع کر دی۔ ہفتہ کو عام انتخابات 2024 کے سندھ اسمبلی کا پہلا اجلاس 40 منٹ کی تاخیر سے سپیکر آغا سراج درانی کی زیر صدارت شروع ہوا، جس کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبول پیش کی گئی ۔ اجلاس میں نومنتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھایا جبکہ سپیکر اسمبلی آغا سراج درانی نے اراکین اسمبلی سے حلف لیا۔ سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے نو منتخب اراکین سے سندھی، ارود اور انگریزی زبان میں حلف لیا، اجلاس میں پیپلز پارٹی کے 111 اور ایم کیو ایم کے 36 ارکان نے حلف اٹھایا۔ ارکان کی حلف برداری کے بعد سپیکر کی جانب سے نئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کیلئے شیڈول جاری کیا جائے گا۔ سندھ اسمبلی میں حلف برداری کے دوران اپوزیشن رہنماوں نے احتجاج کیا اور نعرے بازی شروع کر دی۔ سندھ اسمبلی میں گیلری میں موجود لوگوں نے نعرے بازی کی، اس دوران سپیکر آغا سراج درانی غصہ ہوگئے ہیں اور احتجاجی رہنماں کو خاموش رہنے کی ہدایات کرتے رہے۔ سپیکر آغا سراج درانی نے ایوان میں شور کرنے پر ارکان کو ڈانٹ پلا دی، انہوں نے کہا کہ ہمیں قانونی کارروائی کرنے دیں، لوگ خاموش ہوجائیں ورنہ گیلری خالی کرادوں گا۔ قبل ازیں نامزد وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ سندھ اسمبلی پہنچے، انہوں نے ارکان سے ان کی نشستوں پر جا کر مصافحہ کیا۔ واضح رہے کہ مخصوص نشستوں کا کوٹہ ملنے اور چار آزاد امیدواروں کے شامل ہو نے کے بعد پیپلز پارٹی سندھ اسمبلی میں 114 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، ایم کیوایم کو مخصوص نشستیں ملنے کے بعد اس کے ارکان کی تعداد 36 تک پہنچ گئی، ایوان میں جی ڈی اے کی 3 سیٹیں ہیں۔ الیکشن کمیشن نے خواتین کی دو اور اقلیتوں کی ایک مخصوص سیٹ پر نوٹیفکیشن روک لیا، سندھ اسمبلی میں تیسرا بڑا گروپ ان اراکین پر مشتمل ہے جنہوں نے آزاد حیثیت میں کامیابی حاصل کر کے الیکشن کمیشن کو سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کی درخواست دی ہوئی ہے۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی نے سندھ اسمبلی میں قائد ایوان، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے ناموں کا اعلان بھی کر دیا، مراد علی شاہ کو ایک بار پھر وزیر اعلی سندھ نامزد کیا گیا ہے، اویس قادر شاہ سپیکر سندھ اسمبلی کے امیدوار اور اقلیتی رکن نوید انتھونی ڈپٹی سپیکر کے امیدوار ہوں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی