چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ موجودہ غیر یقینی اور تیزی سے بدلتی دنیا میں نوجوانوں کو حقائق پر مبنی تجزیے کو اپنانا ہوگا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ہارورڈ بزنس سکول کے طلبہ کے ایک وفد سے ملاقات کی، جس میں متعدد ممالک کے طلبہ شامل تھے۔ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی صورتحال، پاکستان کی سکیورٹی کی صورتحال، اور خطے اور دنیا بھر میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کیلئے جاری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نوجوانوں کیلئے تعلیم، ہنر مندی، کاروباری صلاحیتوں اور حقائق پر مبنی تجزیے کی اہمیت پر زور دیا، تاکہ وہ ایک ایسی دنیا میں بامعنی کردار ادا کر سکیں جو بڑھتی ہوئی بے یقینی اور سوشل میڈیا و پروپیگنڈے کے اثرات سے متاثر ہو رہی ہے۔ہارورڈ بزنس سکول کے طلبہ نے پاکستان کے اپنے جاری دورے کے دوران حاصل ہونے والے مثبت تجربات کا اظہار کیا، انہوں نے بالخصوص پاکستانی عوام کی کشادہ دلی، گرمجوشی اور مہمان نوازی کو سراہا اور ملک میں موجود بے پناہ صلاحیتوں اور مواقع کو اجاگر کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی