i پاکستان

سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی  کے تمام مقدمات  کی  تفصیلات طلب کر لیںتازترین

August 18, 2026

سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے تمام مقدمات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی کتنے مقدمات میں سزا یافتہ ہیں؟۔بانی پی ٹی آئی کی صحت اور ملاقاتوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران جسٹس شاہد وحید نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا میڈیکل ریکارڈ دینے میں کیا مسئلہ ہے؟ جو مواد دیا گیا وہ صرف میڈیکل رپورٹ کی سمری ہے، آئندہ سماعت سے قبل تمام ریکارڈ جمع کرایا جائے، ریکارڈ عدالت میں آئے گا تو وہ خفیہ نہیں رہے گا۔جسٹس شاہد وحید نے کہا کہ بہنوں کی ملاقات کے حوالے سے کیا کہتے ہیں؟ جس پر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ کوئی قانون کی خلاف ورزی کرے گا تو ملاقات نہیں ہو گی۔جسٹس شاہد نے کہا کہ اگر وہ قانون کی خلاف ورزی کر رہا ہے تو آپ بھی کریں گے؟ بہنوں سے ملاقات کوئی احسان نہیں ،ان کا بنیادی حق ہے، ریاست کا کام نہیں کہ قانون کی خلاف ورزی کرے۔

جسٹس شاہد نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کی ہدایات پر عمل کیوں نہیں ہو رہا، ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ بہنوں کی تین سال میں 48 ملاقاتیں کروائی گئی ہیں۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے بہنوں کی ملاقاتوں کی تفصیلات طلب کر لیں جبکہ بانی پی ٹی آئی کی بچوں سے بات کروانے کا ریکارڈ بھی مانگ لیا۔جسٹس نعیم افغان نے کہا کہ ایک بات طے کر لیں کہ پی ٹی آئی بانی کی صحت پر سیاست نہیں کرے گی، ملاقاتوں کے بعد باہر آ کر سیاست نہ کریں۔سپریم کورٹ نے آئندہ سماعت پر جیل سپرنٹنڈنٹ کو بھی طلب کر لیا۔ عدالت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت ملے گی یا نہیں ، وقفے کے بعد فیصلہ کریں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی