سپریم کورٹ آف پاکستان نے پی ٹی آئی رہنما چودھری پرویز الہی کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ عدالت عظمی نے الیکشن ٹریبونل کا سابق وزیر اعلی کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ سپریم کورٹ نے چودھری پرویز الہی کو صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 32 گجرات سے انتخابات کی اجازت دی ہے۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل چودھری پرویز الہی نے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا۔ پرویز الہی نے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے اپیل دائر کی تھی جس میں الیکشن کمیشن، الیکشن ٹریبونل کو فریق بنایا گیا تھا۔ سابق وزیر اعلی پنجاب نے درخواست میں استدعا کی تھی کہ لاہور ہائیکورٹ کا 13 جنوری 2024 کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی