i پاکستان

تحریک انصاف کا عمران خان اور اہلیہ کی سزا کیخلاف فوری اپیل دائر کرنے کا اعلانتازترین

January 31, 2024

پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کی سزا کے خلاف اعلی عدالت میں فوری اپیل دائر کرنے کا اعلان کردیا۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف روف حسن نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ کو لندن منصوبے کے تحت سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے ایک جھوٹے اور من گھڑت مقدمے میں سزا سنا کر انصاف کا خون کیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کے اصل مجرم نوازشریف، زرداری اور گیلانی ہیں جنہیں مقتدرہ نے گود لے رکھا ہے اور جن کی مردہ سیاست کو زندہ کرنے کیلئے انصاف کا خون کرکے عمران خان کو منفی کیا جارہا ہے، میرٹ اور مواد سے یکسر خالی کینگرو جج کا انصاف کی بنیادوں سے محروم یہ فیصلہ بھی عدل کی کسی میزان پر ٹھہر نہیں پائے گا۔ روف حسن کا کہنا تھا کہ کمپرومائزڈ ججز کے ذریعے سیاست و ریاست پر ظالمانہ قبضے کے سارے منصوبے عوام 8 فروری کو خاک میں ملائیں گے، کینگرو کورٹس کے ذریعے ملک سے عدل و انصاف کی بیخ کنی کا سلسلہ جلد اپنے انجام کو پہنچے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی