زمین کی زرخیزی میں مسلسل کمی، پانی کی قلت اور زرعی پیداوار کی بڑھتی ہوئی لاگت جیسے چیلنجز کے تناظر میں متوازن کھادوں کا استعمال، مٹی کی صحت کے تحفظ کے اقدامات اور موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ زرعی ٹیکنالوجیز کو فروغ دینا غذائی تحفظ یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔ ان خیالات کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے یو ایس ڈی اے اور آئی سی اے آر ڈی اے کے اشتراک سے جاری ’’فرٹیلائز رائٹ پاکستان‘‘ منصوبے کے تیسرے جائزہ اور منصوبہ بندی اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سائنسی بنیادوں پر غذائی اجزا کے مؤثر انتظام، پریسیژن ایگریکلچر اور تحقیقی اداروں کے مابین مضبوط اشتراک سے پاکستان موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی وسائل کی تنزلی جیسے مسائل کا بہتر انداز میں مقابلہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پائیدار ماحولیاتی نظام کا قیام انتہائی ضروری ہے۔
وائس چانسلر نے کہا کہ ایک وقت تھا جب لائل پور اور لاہور کپاس کے مراکز تھے مگر مٹی کی زرخیزی میں کمی کے باعث وہاں فصلوں کا رجحان تبدیل ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ مٹی کی صحت قومی غذائی تحفظ کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی عملی رہنمائی کے لیے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے کانسٹیٹیونٹ کالجز میں نمائشی پلاٹس بھی قائم کیے جائیں گے۔ پروفیسر ایمیریٹس ڈاکٹر کوثر عبداللہ ملک نے کہا کہ متوازن کھادوں کا استعمال اور مٹی کی بہتر صحت پائیدار زرعی ترقی کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے سائنسدانوں پر زور دیا کہ وہ جدید زرعی ٹیکنالوجیز کو تجربہ گاہوں سے کسانوں کے کھیتوں تک جلد از جلد منتقل کریں تاکہ قدرتی وسائل کے تحفظ کے ساتھ فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔ امریکی سفارت خانے میں زرعی امور کے کونسلر مارک ڈرائز نے کہا کہ فارن ایگریکلچرل سروس ''فرٹیلائز رائٹ'' منصوبے کے اثرات پورے پاکستان تک پھیل رہے ہیں۔
ڈاکٹر ادییمی ابیولا فارن ایگریکلچرل سروس کے فرٹیلائز رائٹ منصوبے کے سربراہ نے بتایا کہ اس منصوبے کی مدت باضابطہ طور پر 30 ستمبر 2028ء تک بڑھا دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئندہ تمام حکمت عملیوں اور فیلڈ سرگرمیوں کو اس انداز میں ترتیب دیا جائے گا کہ منصوبے کے نتائج اور اثرات کو زیادہ سے زیادہ مؤثر بنایا جا سکے۔ اجلاس سے ڈین کلیہ زراعت پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ نے مٹی کی صحت بہتر بنانے اور کسانوں میں کھادوں کے متوازن استعمال کے بارے میں مؤثر آگاہی پیدا کرنے پر زور دیا۔ تقریب سے محی الدین ہلالی، فوڈ اینڈ فیڈ پروسیسنگ اسپیشلسٹ نے بھی خطاب کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی