پاکستان کے 11 سالہ سعد جہانگیر منج نے شطرنج میں تاریخ رقم کر دی۔سعد جہانگیر منج شطرنج میں ایرینا انٹرنیشنل ماسٹر (اے آئی ایم) ٹائٹل حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔ 11 سالہ کھلاڑی کی اس کامیابی کو حکام اور پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کی جانب سے بڑے پیمانے پر سراہا گیا ہے۔بورڈ نے سعد جہانگیر منج کی کامیابی کی خبر کو اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاونٹس پر شیئر کرتے ہوئے اسے پاکستان کے لیے ایک قابلِ فخر لمحہ اور ملک بھر کے نوجوانوں کے لیے متاثر کن کامیابی قرار دیا ہے۔پنجاب کے وزیرِ کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے سعد کو اس شاندار کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ شطرنج اور دیگر تمام کھیلوں کو فروغ دینے کی کوششیں جاری رہیں گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی