i کھیل

آسٹریلیا میں سیاسی پناہ کا معاملہ، ایران نے فٹبال ٹیم کی کپتان کے منجمند اثاثے بحال کر دئیےتازترین

April 14, 2026

ایران کی عدلیہ نے ویمن فٹبال ٹیم کی کپتان زہرا غنبری کے ضبط شدہ اثاثے بحال کرنے کا اعلان کر دیا۔عرب میڈیا کے مطابق ایرانی عدالت نے یہ فیصلہ زہرا غنبری کے رویے میں تبدیلی اور بے گناہی کے اعلان کے بعد کیا ہے۔زہرا غنبری ان 6 کھلاڑیوں میں شامل تھیں جنہوں نے رواں سال مارچ میں آسٹریلیا میں ایشین کپ کے دوران پناہ لینے کی درخواست دی تھی تاہم بعد میں انہوں نے اپنا فیصلہ واپس لیتے ہوئے دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ ایران واپسی کا اعلان کیا تھا۔آسٹریلیا کے وزیرِ داخلہ ٹونی برک نے اس سے قبل کہا تھا کہ کھلاڑیوں کو ایران واپسی پر ممکنہ سزا کے خدشے کے پیشِ نظر پناہ کی پیشکش کی گئی تھی، خاص طور پر اس واقعے کے بعد جب ٹیم نے ایک میچ میں قومی ترانہ پڑھنے سے انکار کیا تھا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق جنگ کے آغاز کے بعد کچھ کھلاڑیوں کو غدار قرار دے کر اِن کے اثاثے منجمد کیے گئے تھے جن میں زہرا غنبری کا نام بھی شامل تھا۔دوسری جانب وطن واپس آنے والی کھلاڑیوں نے شدید دبائو کا انکشاف کیا تھا، ایک کھلاڑی مونا حمودی کے مطابق ہر فیصلہ خوف اور نتائج کے خدشات سے جڑا ہوا تھا جس نے ذہنی دبائو میں اضافہ کیا۔واضح رہے کہ ایشین کپ کے دوران ایرانی ٹیم کے ترانہ نہ پڑھنے کے عمل کو بعض حلقوں نے حکومت کے خلاف احتجاج قرار دیا تھا جبکہ بعد میں کھلاڑیوں کی جانب سے ترانہ پڑھنے پر سوالات بھی اٹھے۔عرب میڈیا کے مطابق اس وقت بھی 2 ایرانی کھلاڑی آسٹریلیا میں ہی موجود ہیں اور مقامی کلب کے ساتھ ٹریننگ کر رہی ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی