قومی کھیل ہاکی کی بحالی کیلے جاری حکومتی کوششوں کو دھچکا، پاکستان سپورٹس بورڈ نے ہاکی کلبوں کو سہولیات دینے کی بجائے پیسے بنانا شروع کر دیے، وفاقی وزیربین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ اور وفاقی سیکرٹری محی الدین وانی سے ہاکی کلبوں نے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپورٹس بورڈنے اسلام آباد کے رجسٹرڈہاکی کلبوں کیلئے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم کے چارجز میں تقریبا تین سو فیصد اضافہ کرتے ہوئے پندرہ سو روپے سے بڑھا کر 5700روپے ایک دن کا کردیا ہے ،جس پر اسلام آباد ہاکی ایسوسی ایشن سے رجسٹرڈ ہاکی کلبوں نے وفاقی وزیر اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے صدر رانا ثنا اللہ اور وفاقی سیکریٹری وزارت بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی کو خط لکھتے ہوئے اپیل کی ہے کہ وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے قومی کھیل ہاکی کے فروغ اور بحالی کے لیے بھرپور عزم کا اظہار کررکھا ہے لیکن ہاکی گرائونڈ کے چارجز میں اضافہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مالی بوجھ بن چکا ہے لہذا نصیر بندہ ہاکی گرائونڈ کے چارجز میں اضافی فوری طور پر واپس لیا جائے۔ خط میں مزید کہا گیا کہ رازنگ اسٹار سمیت دیگر ہاکی کلبز کئی سالوں سے سکولز اور کالجز کے بچوں کو مفت تربیتی سیشنز فراہم کر رہا ہے تاکہ وہ مثبت اور صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی