پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے کہا کہ بھارت نے کھیل اور سیاست کا فرق نہیں رکھا، پی ایس ایل دوبارہ شروع کرکے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا، محسن نقوی نے بھرپور گائیڈ کیا، سیز فار ہونے پر غیر ملکی کرکٹرز کو دبئی ہی روک لیا تھا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (رسجا) کے زیر اہتمام معرکہ حق میں افواج پاکستان کی شاندار فتح پر یوم تشکر کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں سینئیر صحافیوں عبدالمحی شاہ، شکیل اعوان، فہیم انور خان، افضل جاوید، شہریار خان، ناصر نقوی، شاکر عباسی، مبارک علی سمیت بڑی تعداد میں سپورٹس جرنلسٹس کمیونٹی نے شرکت کی۔ سلمان نصیر نے کہا کہ راولپنڈی اسٹیڈیم کے باہر جب ڈرون گرا تو معلوم ہوا بات یہاں تک آگئی ہے، ہمیشہ پاکستان نے کھیل اور سیاست کو الگ رکھا لیکن بھارت نے یہ فرق نہیں رکھا۔
گھنٹوں کی رفتار سے صورتحال پی ایس ایل کے لیے بدل رہی تھی، پہلے یواے ای میں پی ایس ایل مکمل کروانے کا آپشن رکھا لیکن جب بات زیادہ بڑھ گئی تو دل پر پتھر رکھ کر پی ایس ایل کو چند دنوں کیلئے ملتوی کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ جب جنگ بندی ہوی توچیرمین پی سی بی نے کال پر کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو دبئی میں ہی روک لو، ہم نیپی ایس ایل شروع کرکے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل اب کرکٹ سے زیادہ بڑی اہمیت رکھتی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئیر سپورٹس جرنلسٹس عبدالمحی شاہ اور شکیل اعوان نے کہاکہ ہمیں اپنی افواج پر فخر ہے جس طرح انہوں نے ملکی دفاع کو یقینی بناتے ہوے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اسے پوری دنیا نے دیکھا۔ پوری قوم افواج پاکستان کیساتھ کھڑی ہے۔ میڈیا کے محاذ پر سپورٹس جرنلسٹسوں نے بھی بھارت کو کرارا جواب دیا ہے ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی