ایشیا کپ اور آئی سی سی ایونٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم سے بھارتی کھلاڑیوں کے ہاتھ نہ ملانے پر برطانوی اور بھارتی صحافیوں نے کڑی تنقید کی ہے۔ بھارتی ٹاک شو میں بھارتی نژاد برطانوی صحافی اور مصنف میہیر بوس اور بھارتی اسپورٹس جرنلسٹ ایاز میمن نے ہاتھ نہ ملانے کو کھیل کی روح کے منافی قرار دیا۔برطانوی صحافی کا کہنا تھا کہ بھارتی کھلاڑیوں کا ہاتھ نہ ملانا ملک کی نادانی ظاہر کرتا ہے، ایک ایسا ملک جو دعوی کرتا ہے کہ وہ عالمی طاقت ہے ، جو عظمت اور اقتصادی طاقت کی بلندیوں تک پہنچنے والا ہے۔ دوسری جانب بھارتی صحافی ایاز میمن نے کہا ہاتھ نہ ملانے کا فیصلہ بھارتی کرکٹ بورڈ خود سے نہیں کر سکتا یہ کام بھارتی حکومت کے کہنے پر ہی ہوا ہے۔ اس سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی اور موجودہ کمنٹریٹر سنجے منجریکر نے بھی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے اہم میچ سے قبل بھارتی ٹیم کی نو ہینڈ شیک پالیسی پر سخت تنقید کی تھی۔ سوشل میڈیا پر بیان دیتے ہوئے سنجے منجریکر کا کہنا تھا کہ یا تو کھیل کو اس کی اصل روح کے مطابق کھیلا جائے یا پھر کھیلنا ہی نہیں چاہیے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی