پاکستان کے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بالر شاہین آفریدی نے بگ بیش لیگ(بی بی ایل) 15 میں اپنے ڈیبیو سے قبل اپنے ساتھی فاسٹ بالر حارث رئوف کو خبردار کردیا ۔ ایک حالیہ انٹرویو میں شاہین آفریدی جو آئندہ ٹورنامنٹ میں برسبین ہیٹ کی نمائندگی کریں گے، نے مزاحیہ انداز میں حارث رئوف کو خبردار کیا کہ وہ بی بی ایل کے دوران ان کے خلاف بولنگ نہ کریں۔شاہین آفریدی نے مسکراتے ہوئے کہا کہ "مجھے امید ہے کہ حارث رئوف میرے خلاف بی بی ایل میں بالنگ کرنے کی ہمت نہیں کریں گے۔ اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو میں اسے بہت سے چھکے ماروں گا"۔ اس سے قبل، ڈرافٹ کے بعد برسبین ہیٹ کے لیے دستخط کرنے کے بعد اپنی بات چیت کے دوران 25 سالہ نوجوان پیسر سے پوچھا گیا تھا کہ وہ بابر اعظم، اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر میں سے کس بلے باز کی وکٹ کو سب سے زیادہ اہمیت دیں گے۔شاہین آفریدی نے ان تینوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کسی کو الگ نہ کرنے کا انتخاب کیا۔ شاہین نے مسکراتے ہوئے کہا کہ "میرے لیے یہ تینوں ہیں، میں صرف ایک کا انتخاب نہیں کروں گا کیونکہ یہ سب اہم وکٹیں ہیں۔ وہ اپنی ٹیموں کے اہم کھلاڑی ہیں اور میں ان میں سے ہر ایک کو آٹ کرنا پسند کروں گا۔" یہ بات قابل ذکر ہے کہ شاہین آفریدی کو بی بی ایل سیزن 15 ڈرافٹ میں پہلی مجموعی انتخاب کے طور پر منتخب کیا گیا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی