i کھیل

دورہ پاکستان سے قبل بنگلہ دیشی ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہتازترین

May 23, 2025

پاکستان کیخلاف 3 میچز کی ٹی20 میچز کی سیریز سے قبل بنگلہ دیشی ٹیم مشکلات کے بھنور میں پھنس گئی۔ بنگلہ دیشی فاسٹ بولر ناہید رانا کی سیریز سے دستبرداری کے بعد اب سومیہ سرکار انجری کے سبب سیریز سے باہر ہو گئے، جس کے باعث مہدی حسن میراز کو اسکواڈ میں جگہ دی گئی ہے۔ دورہ پاکستان کے دوران بنگلہ دیشی ٹیم کو کل 25 مئی کو لاہور پہنچنا ہے، سیریز کا پہلا میچ 28 دوسرا 30 مئی جبکہ آخری میچ یکم جون کو شیڈول ہے، تاہم فاسٹ بولر ناہید رانا اور 2 سپورٹ اسٹاف ارکان نے سیکیورٹی خدشات پر ٹور سے انکار کردیا تھا۔ سومیہ سرکار گذشتہ ایک ہفتے سے کمر کی تکلیف سے دوچار ہیں، اگرچہ وہ یو اے ای کے خلاف ٹی 20 سیریز کیلئے اسکواڈ کا حصہ تھے مگر میدان میں نہیں اترسکے۔ ٹیم کے فزیو بیجید الاسلام خان نے کہا کہ سومیہ سرکار کو مکمل فٹ ہونے میں مزید 2 ہفتے لگ سکتے ہیں، مہدی حسن میراز پہلے سے ہی پی ایس ایل کیلیے پاکستان میں موجود ہیں۔ قبل ازیں بنگلہ دیشی سلیکٹرز نے مہدی حسن میراز کو یو اے ای اور پاکستان سے سیریز کیلئے منتخب نہیں کیا تھا، مہدی نے 2024-25 کے سیزن میں بہتر کارکردگی دکھائی،انھوں نے بی پی ایل میں 355 رنز بنائے، ساتھ 13 وکٹیں بھی لیں،وہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی