i کھیل

فیفا ورلڈکپ ، بیلجیئم ، ایران اور یوروگوئے،کیپ ورڈے کے میچز برابرتازترین

June 22, 2026

فیفا ورلڈکپ 2026 میں بیلجیئم اور ایران کے درمیان مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر ہوگیا ، اسپین نے سعودی عرب کو چار صفر سے شکست دے دی،مصر نے نیوزی لینڈ کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا جبکہ یوروگوئے اور کیپ ورڈے کا سنسنی خیز مقابلہ 2-2 سے برابر رہا۔تفصیل کے مطاق لاس اینجلس اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ جی کے میچ میں ایران اور بیلجیئم کے درمیان اچھا مقابلہ دیکھنے کوملا ۔پہلے ہاف میں ایران کی ٹیم کو سبقت مل جاتی جب 28ویں منٹ میں ایک فری کک پر گیند بیلجیئم کے گول میں پہنچ گئی تھی مگر ریفری نے ایران کے کھلاڑی کو آف سائیڈ قرار دے کر یہ گول مسترد کردیا۔میچ میں بیلجیئم کی ٹیم کا پلہ بھاری رہا لیکن ایران کے دفاعی کھلاڑی اور خاص طور پر گول کیپر علی رضا کا جواب نہ تھا، ویسے تو انہوں نے کئی گول بچائے لیکن دوسرے ہاف میں بیلجیئم کی ایک موو پر انہوں نے ایک حملہ تو ایسا روکا کہ ماہرین نے اسے "سیو آف دی ٹورنامنٹ قرار دے دیا"۔ یلجیئم کے تجربہ کار گول کیپر کورٹوا نے بھی شاندار گول کیپنگ کا مظاہرہ کیا اور یہی وجہ رہی کہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اپنی اپنی ٹیموں کوسبقت نہ دلاسکے۔

دوسرے ہاف میں خطرناک فال کرنے کے نتیجے میں بیلجیئم کی ٹیم کے کھلاڑی کو ریڈ کارڈ دکھایا گیا اور پھر وہ بقیہ میچ 10کھلاڑیوں سے کھیلی۔دونوں ٹیموں کے درمیان میچ بغیر کسی گول کے ختم ہوا۔ بیلجیئم اور ایران نے اپنے دونو ں میچز ڈرا کھیلے ہیں، دونوں کے دو، دو پوائنٹس ہوگئے ہیں۔ گروپ ایچ کے میچ میں اسپین نے سعودی عرب کو چار صفر سے شکست دے دی۔امریکا کے شہر اٹلانٹا میں ہونے والے میچ میں اسپین کو لامین یمال نے 10 ویں منٹ میں گول کرکے برتری دلادی۔کچھ دیر بعد ہی پہلے گول میں اسسٹ کرنے والے میکال اورزابال نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر اسکور اسپین کے حق میں دو صفر کردیا۔تین منٹ بعد ہی میکال اورزابال نے دانی اولمو کی اسسٹ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنا دوسرا اور اسپین کا تیسرا گول اسکور کیا۔پہلے ہاف کے اختتام پر اسپین کو تین صفر کی برتری حاصل تھی۔دوسرے ہاف کے آغاز میں سعودی عرب کے حسن الطامبکتی نے گیند کو اپنے ہی گول میں پہنچا دیا جس سے اسپین کا اسکور چار صفر ہوگیا۔میچ کے آخری لمحات میں اسپین کی جانب سے ایک اور گول ہوا لیکن ریفری نے ویڈیو ریفرل کے بعد اسے آف سائیڈ قرار دے کر گول مسترد کردیا اور یوں یہ میچ اسپین کے حق میں چار صفر کے اسکور کے ساتھ مکمل ہوا۔

گروپ ایچ کے ہی ایک اور اہم میچ میں یوروگوئے اور کیپ ورڈے نے شاندار کھیل پیش کیا تاہم مقابلہ 2-2 سے برابر ہو کر بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔میچ کا آغاز کیپ ورڈے کے جارحانہ انداز سے ہوا، 21ویں منٹ میں کیون پینا نے ایک شاندار فری کک پر گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، اور ورلڈ کپ کی تاریخ میں کیپ ورڈے کا پہلا گول بھی اپنے نام لکھوا لیا۔یوروگوئے نے جلد ہی واپسی کرتے ہوئے میکسی اراخو کے گول سے سکور برابر کیا، جبکہ وقفے سے قبل اگسٹن کانوبیو نے دوسرا گول کرکے اپنی ٹیم کو 2-1 کی برتری دلا دی۔دوسرے ہاف میں کیپ ورڈے نے ہمت نہیں ہاری، متبادل کھلاڑی ہیلیو واریلا نے یوروگوئے کے دفاعی اور گول کیپر کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گول کر دیا اور یوں سکور 2-2 سے برابر کر دیا۔اس کے بعد دونوں ٹیموں نے جیت کیلئے بھرپور کوشش کی، تاہم کوئی بھی فیصلہ کن گول نہ کر سکی۔ گروپ جی کے میچ میں مصر نے نیوزی لینڈ کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرادیا۔وینکور میں کھیلے گئے دونوں ملکوں کی ٹیم کے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے ہاف کے 15ویں منٹ میں گول کرکے برتری حاصل کی جبکہ دوسرے ہاف میں مصر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور 58ویں منٹ میں مصطفی زیکو نے مقابلہ برابر کیا۔مصر کا دوسرا گول سٹار کھلاڑی محمد صلاح نے 67ویں منٹ میں بنایا اور مصر کی ٹیم کیلئے تیسرا گول ٹریزیگوئے نے سکور کیا۔تین ایک کی جیت کے بعد مصر کی ٹیم اپنے گروپ میں چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہوگئی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی