سپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچز نے لامین یامال کی جانب سے لا لیگا میں فتح کے دوران فلسطینی پرچم لہرانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں نوجوان فٹبالر پر فخر ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم سانچز نے کہا کہ جو لوگ کسی ریاست کا پرچم لہرانے کو نفرت انگیزی قرار دیتے ہیں وہ یا تو اپنی سمجھ بوجھ کھو چکے ہیں یا پھر اپنی ہی تنگ نظری کا شکار ہیں، لامین یامال نے صرف فلسطین کے ساتھ اس یکجہتی کا اظہار کیا ہے جو لاکھوں ہسپانوی شہری محسوس کرتے ہیں۔خیال رہے کہ 18 سالہ یامال نے بارسلونا کی لا لیگا ٹائٹل جیتنے کی خوشی میں بارسلونا شہر میں نکالی گئی فتح پریڈ کے دوران بس پر سوار ہو کر بڑا فلسطینی پرچم لہرایا تھا، اس اقدام پر اسرائیلی حکام کی جانب سے فوری ردعمل سامنے آیا۔اسرائیلی وزیر دفاع نے فلسطینی پرچم لہرانے پر بارسلونا کے نوجوان سٹار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ یہ عمل نفرت کو ہوا دینے کے مترادف ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی