i کھیل

ٹی 20 ورلڈ کپ، بھارت کیخلاف میچ سے قبل فلڈ لائٹس میں پریکٹس کا موقع نہیں دیاگیا، نمیبیا کے کپتان کا شکوہتازترین

February 12, 2026

نمیبیا کرکٹ ٹیم کے کپتان گیرہارڈ ایراسمس نے بھارت کے خلاف دہلی میں ہونے والے میچ سے قبل رات کے وقت ٹریننگ کا موقع نہ ملنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔اپنے بیان میں نمیبیا کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ بھارت سے میچ رات کے وقت شیڈول ہونے کی وجہ سے ان کے کھلاڑیوں کو رات کے وقت فلڈ لائٹس میں ٹریننگ کرنا تھی لیکن انہیں ٹریننگ کا موقع فراہم نہیں کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ نمیبیا کے میدانوں میں فلڈ لائٹس زیادہ نہیں، انفرا اسٹرکچر کے اعتبار سے یہ ان کے لئے مشکل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نیپال پریمیئر لیگ، آئی ایل ٹی20 اور ورلڈ کپ جیسے ایونٹس میں شرکت کرنے والے چند کھلاڑیوں کے علاوہ زیادہ تر کھلاڑیوں کو فلڈ لائٹس میں باقاعدہ ٹریننگ کا زیادہ تجربہ نہیں۔نمیبیا کے کپتان نے کہا کہ بھارت کو دو نائٹ ٹریننگ سیشنز ملے ہیں اور کینیڈا بھی آج رات ٹریننگ کرے گا لیکن ہمیں بھارت کیخلاف میچ سے پہلے پریکٹس کا موقع نہیں دیاگیا۔کپتان نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ ایسا کیوں کیا جارہا ہے لیکن انہوں نے ساتھ ہی واضح کردیا کہ وہ اپنے انداز میں پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور بھر پور مقابلہ کریں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی