یوم تکبیر کے موقع پر اینکر اور انٹرنیشنل میراتھن رنر مونا خان بلوچستان کے عوام کے لیے محبت، یکجہتی اور قومی اتحاد کا پیغام لے کر کوئٹہ پہنچیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم سب پاکستانی ہیں اور پاکستان کی اصل طاقت اس کے عوام کے اتحاد میں ہے۔مونا خان نے یوم تکبیر کے موقع پر کوئٹہ کے معروف بلڈ بینک سینٹر، سپینی روڈ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بلوچستان کے بچوں کے لیے خون کا عطیہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ محب وطن ہونے کے ناطے بلوچستان کے خوبصورت اور باہمت لوگوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یہاں آئی ہیں۔مونا خان نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا سارا پاکستان بلوچستان کے ساتھ کھڑا ہے، اور ہم یہاں کے لوگوں کے لیے نہ صرف دعائیں بلکہ قربانیاں دینے کے لیے بھی تیار ہیں، حتی کہ اپنا خون بھی۔انہوں نے مزید کہا کہ محبت اور یکجہتی کا یہ عمل ایک یاد دہانی ہے کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کے عوام کے اتحاد میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یوم تکبیر نہ صرف قومی دفاع کی علامت ہے بلکہ اس دن ہمیں یہ عہد بھی کرنا چاہیے کہ ہم آپس میں متحد رہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی