کرکٹ آسٹریلیا نے بگ بیش لیگ میں نجی سرمایہ کاری لانے کے منصوبے کے تحت میلبورن رینیگیڈز کی فروخت کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین مائیک بیئرڈ اور چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے اعلان کیا کہ بورڈ نے ریاستی کرکٹ اداروں کو بگ بیش لیگ کی فرنچائزز میں حصص یا مکمل ملکیت نجی سرمایہ کاروں کو فروخت کرنے کی اجازت دینے پر باضابطہ اتفاق کرلیا ہے۔اس عمل کا آغاز میلبورن رینیگیڈز سے ہوگا، جس کے لیے نجی سرمایہ کاروں سے بولیاں طلب کی جائیں گی۔ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کوشش ہے کہ میلبورن رینیگیڈز 2028-2027 کا سیزن نئی ملکیت کے تحت کھیلے۔کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ رینیگیڈز کی فروخت کے عمل کے نتائج سامنے آنے کے بعد دیگر بگ بیش لیگ فرنچائززکو بھی مارکیٹ میں لانے پر غور کیا جائے گا۔ اس کے لیے سیلف ڈیٹرمینیشن ماڈل اختیار کیا جائے گا، جس کے تحت ہر ریاستی رکن کو اپنے کلب اور کمیونٹی کے لیے موزوں راستے کا جائزہ لینے کا اختیار ہوگا۔کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق نجی سرمایہ کاری کا مقصد کمیونٹی کرکٹ، ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل پاتھ ویز، ایلیٹ کرکٹ، بگ بیش لیگ اور ویمنز بگ بیش لیگ میں مزید سرمایہ کاری کرنا ہے جبکہ ٹیسٹ کرکٹ کی اہمیت کو بھی برقرار رکھا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی