زمبابوے کے اوپننگ بیٹر برائن بینیٹ نے انگلینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ میچ میں شاندار سنچری اسکور کر کے کئی اعزاز حاصل کرلئے ۔ٹرینٹ برج میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ میں میزبان انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بین ڈکٹ، زیک کرالی اور اولی پوپ کی سنچریوں کی بدولت پہلی اننگز میں 6 وکٹوں پر 565 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کر دی۔جواب میں ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن زمبابوے ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا، صرف 31 رنز کے مجموعے پر اوپنر بین کرن کی وکٹ گر گئی۔تاہم برائن بینیٹ نے زبردست مزاحمت کرتے ہوئے انگلش بولرز کا سامنا کیا اور صرف 97 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔یہ ٹیسٹ کرکٹ میں زمبابوے کی جانب سے تیز ترین سنچری ہے۔اس سے قبل زمبابوے کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین سنچری بنانے کا ریکارڈ شان ولیمز کے پاس تھا جنہوں نے 2016 میں نیوزی لینڈ کے خلاف 106 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی