i کھیل

پاکستانی فین کا جان سینا سے اچھوتا سوال،ہال تالیوںسے گونج اٹھا، ویڈیو وائرلتازترین

June 19, 2026

امریکی ریسلنگ کے لیجنڈ اور ہالی وڈ اداکار جان سینا کی ایک دلچسپ اور منفرد ویڈیو ان دنوں سوشل میڈیا پر شدید وائرل ہے، جس میں انہوں نے ایک پاکستانی مداح کی جانب سے امریکی صدر بننے کے چونکا دینے والے سوال پر نہ صرف دلچسپ جواب دیا بلکہ پاکستان میں موجود اپنے کروڑوں چاہنے والوں کے لیے ایک خصوصی اور محبت بھرا پیغام بھی جاری کیا ہے۔ٹک ٹاک سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لاکھوں بار دیکھی جانے والی اس ویڈیو نے مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر رکھی ہے۔تفصیل کے مطابق ایک بین الاقوامی تقریب کے دوران سوال و جواب کے سیشن میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان ابو ہریرہ خان نے جان سینا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ڈبلیو ڈبلیو ای کبھی باقاعدہ طور پر پاکستان نہیں آئی، لیکن ان کی مقبولیت اور پیغام پاکستانی مداحوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہا ہے۔

انہوں نے ہالی وڈ اسٹار سے پاکستان کے لئے پیغام دینے کی درخواست کی اور ساتھ ہی ایک ایسا اچھوتا سوال داغ دیا جس پر خود جان سینا اور ہال میں موجود تمام حاضرین مسکرا اٹھے۔پاکستانی مداح نے پوچھا، کیا آپ کبھی امریکہ کے صدر بننے پر غور کریں گے؟ اس سوال پر پورا ہال تالیوں سے گونج اٹھا، جس کا مختصر اور برجستہ جواب دیتے ہوئے ریسلنگ اسٹار نے مسکرا کر کہا، میں اب (سیاست سے)ریٹائر ہو چکا ہوں۔اس سے قبل، پاکستانی مداح کی محبت کا جواب دیتے ہوئے جان سینا کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں آپ دنیا بھر میں موجود میرے تمام مداحوں کے لئے میری طرف سے اظہارِ تشکر کے ایک بہترین نمائندے ہیں، میں پاکستان میں موجود اپنے تمام چاہنے والوں کا دل سے بہت شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔واضح رہے کہ جان سینا نے دسمبر 2025 میں اپنے 23 سالہ شاندار ان رنگ ریسلنگ کیریئر کا باقاعدہ خاتمہ کرتے ہوئے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، تاہم وہ اب بھی دنیا بھر میں عوامی تقریبات اور مداحوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی