i کھیل

پی ایف ایف کا ڈسٹرکٹ فٹبال چیمپئن شپ کے انعقاد کا اعلانتازترین

June 09, 2026

پاکستان فٹبال فیڈریشن نے ملک بھر میں گراس روٹ فٹبال کے فروغ، نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور ڈومیسٹک فٹبال کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لئے ڈسٹرکٹ فٹبال چیمپئن شپ کے انعقاد کا اعلان کر دیا۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر شاہد نیاز کھوکھر کے مطابق پاکستان کی فٹبال تاریخ میں پہلی مرتبہ فیڈریشن تمام اضلاع کو چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کے لیے مکمل انتظامی، تکنیکی اور پیشہ ورانہ معاونت فراہم کرے گی۔انہوں نے اس اقدام کا کریڈٹ پی ایف ایف صدر سید محسن گیلانی کو دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پاکستان فٹبال نے بین الاقوامی سطح پر نمایاں پیش رفت کی ہے اور فیفا و اے ایف سی حکام کی جانب سے بھی تعریف حاصل کی ہے۔ اب اسی وژن کو گراس روٹ اور ڈومیسٹک فٹبال تک منتقل کیا جا رہا ہے جسے پاکستانی فٹبال کی ترقی کی جانب ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلعی فٹبال ایسوسی ایشنز مقابلوں کا انعقاد کریں گی جبکہ پی ایف ایف لاجسٹک، تکنیکی اور انتظامی معاونت فراہم کرے گی۔ شاہد نیاز کھوکھر نے کہا کہ محسن گیلانی کی متحرک قیادت میں پاکستانی فٹبالرز کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور دنیا کے سامنے پیش کرنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی