i کھیل

پی ایس ایل میرے لئے بڑاپلیٹ فارم،قومی ٹیم میں کم بیک کرونگا، فاسٹ بولر احمد دانیال پر امیدتازترین

April 02, 2026

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے فاسٹ بولر احمد دانیال نے کہا ہے کہ پی ایس ایل اس مرتبہ میرے لیے ایک بڑا پلیٹ فارم ہے اور قومی ٹیم میں کم بیک کروں گا۔احمد دانیال کا گزشتہ برس بنگلا دیش کے خلاف میر پور ڈھاکا میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ڈیبیو ہوا تھا، انہوں نے دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہا کہ مجھے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے شروع سے ہی مسلسل کھیلنے کا موقع مل رہا ہے، اس مرتبہ پی ایس ایل میرے لیے ایک بہت بڑا پلیٹ فارم ہے، کپتان سعود شکیل اسکلز کے حوالے سے بہت سپورٹ کرتے ہیں اور میں پر امید ہوں کہ یہ سیزن شاندار ہو گا۔احمد دانیال نے کہا کہ الزاری جوزف اور میں گزشتہ برس پشاور زلمی کی طرف سے کھیل رہے تھے اس لیے کیمسٹری پہلے کی بنی ہوئی ہے، ہم ایک دوسرے کی بہت مدد کرتے ہیں بات چیت کرتے رہتے ہیں جس کا فائدہ ہوتا ہے۔

فاسٹ بولر نے کہا کہ اب تک ہمیں دونوں میچز میں ڈرائی پچز ملی ہیں بال بریک ہو رہی تھی، اسی کے مطابق بولنگ کی کوشش کی کہ سلو بالز کم کرنا ہیں جس کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی، ویسے بھی بالروں کے لیے مارجن بہت کم ہو گیا ہے، پہلے تو ایک آدھے بری بال پر شاٹ لگ جاتے تھے، اب ہر بال پر شاٹ لگ سکتے ہیں، اب بیٹرز کے پاس شاٹس بہت زیادہ ہیں، باونڈریز بہت زیادہ لگتی ہیں اور بولرز کے پاس اپنی جگہ سے ہلنے کا مارجن تک نہیں ہوتا۔احمد دانیال نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ ہر ایونٹ میں 100 فیصد دوں تاکہ قومی ٹیم میں واپس آ سکوں، پاکستان کی طرف ڈیبیو ہو چکا ہے، اس کے بعد انجریز کا سامنا کرنا پڑا تاہم اب مکمل فٹ ہوں، نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کھیلا اب پی ایس ایل کھیل رہا ہوں، بہت زیادہ پراعتماد ہوں کہ پی ایس ایل میں اچھا کھیلوں گا، ٹیم کو جتواں گا اور قومی ٹیم میں کم بیک کروں گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی