بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کی زیرملکیت مشہور ریسٹورنٹ One8 Commune کی بنگلور و میں واقع برانچ ایک بار پھر قانونی مسائل کا شکار ہو گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کوہلی کے ریسٹورنٹ کے خلاف پولیس نے پبلک ہیلتھ قوانین اور انسدادِ تمباکو نوشی ضوابط کی خلاف ورزی پر ایف آئی آر درج کر لی ۔ یہ کارروائی سگریٹ اور دیگر تمباکو مصنوعات سے متعلق قوانین (COTPA) کے تحت کی گئی ہے جنکی خلاف ورزی کا انکشاف حال ہی میں مذکورہ ریسٹورنٹ پر چھاپے کے دوران ہوا۔ پولیس نے معمول کی نگرانی کے دوران One8 Commune بنگلور پر چھاپہ مارا، اس دوران وہاں انسدادِ تمباکو نوشی قانون کی خلاف ورزیاں سامنے آئیں۔ جن میں خاص طور پر غیر مختص شدہ مقامات پر سگریٹ نوشی کی اجازت شامل تھی ۔ابتدائی طور پر ایک نان-کگنیزیبل رپورٹ (این سی آر ) درج کی گئی، جس کے بعد عدالت سے اجازت حاصل کر کے ریسٹورنٹ کے خلاف باضابطہ ایف آئی آر درج کی گئی۔ پولیس کے مطابق ریسٹورنٹ میں مخصوص سموکنگ زون قائم ہی نہیں کیا گیا، جو COTPA قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ایف آئی آر میں ریسٹورنٹ کے منیجر اور دیگر عملے کو نامزد کیا گیا ہے، تاہم ویرات کوہلی کا نام ایف آئی آر میں شامل نہیں کیا گیا۔ ریسٹورنٹ انتظامیہ یا ویرات کوہلی کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی