آئی این پی ویلتھ پی کے

پاکستان کی صنعتی پیداوار میں بہتری، 16 بڑے شعبے دوبارہ ترقی کی جانب گامزن،ویلتھ پاکستان

August 12, 2026

پاکستان کے صنعتی شعبے میں مالی سال 2025-26 کے دوران وسیع پیمانے پر بحالی کے آثار سامنے آئے ہیں اور 16 بڑے صنعتی گروپس میں پیداوار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس بہتری میں مجموعی معاشی استحکام، مہنگائی کے دبا میں کمی اور ملکی طلب میں اضافے نے اہم کردار ادا کیا۔وزارت خزانہ کی ماہانہ اقتصادی جائزہ و مستقبل کی صورتحال رپورٹ (جولائی 2026) کے مطابق مالی سال 2025-26 کے پہلے 10 ماہ، جولائی تا اپریل کے دوران بڑے پیمانے کی صنعتی پیداوار میں مجموعی طور پر 1.5 فیصد کمی ہوئی، تاہم گزشتہ مہینوں کے مقابلے میں کمی کی رفتار نمایاں طور پر کم ہوئی اور مختلف صنعتوں کی پیداوار میں بہتری دیکھنے میں آئی۔رپورٹ کے مطابق 16 صنعتی گروپس نے مثبت شرح نمو ریکارڈ کی جن میں ملبوسات، ٹیکسٹائل، چمڑے کی مصنوعات، گاڑیاں، ادویات، دھاتی مصنوعات، برقی آلات، فرنیچر اور تمباکو کے شعبے نمایاں رہے۔ مالی سال کے دوران مجموعی معاشی استحکام کے بعد صنعتی سرگرمیوں میں بتدریج بحالی اس بہتری کی عکاسی کرتی ہے۔دستاویز کے مطابق کئی اہم صنعتی شعبوں نے بھی حوصلہ افزا پیداواری نتائج حاصل کیے۔ گاڑیوں کی صنعت میں بحالی کا عمل جاری رہاجسے طلب میں اضافے اور درآمدی خام مال کی بہتر دستیابی سے مدد ملی۔ ٹیکسٹائل سے متعلق صنعتوں میں بھی پیداوار بڑھی جبکہ زیر جائزہ مدت کے دوران ادویات کی تیاری میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔وزارت خزانہ کے مطابق صنعتی شعبے میں بحالی پاکستان کے مجموعی معاشی ماحول میں نمایاں بہتری کے ساتھ ہوئی۔

مالی سال 2025-26 کے دوران مہنگائی میں نمایاں کمی، شرح سود میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری اور مالیاتی کارکردگی مضبوط ہونے سے صنعتی پیداوار اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے زیادہ سازگار حالات پیدا ہوئے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ معاشی اشاریوں میں بہتری کے باعث کاروباری اعتماد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ حالیہ مالیاتی شعبے کی اصلاحات، سرمایہ کاری کے مواقع تک بڑھتی ہوئی رسائی اور بیرونی شعبے کی بہتر کارکردگی نے صنعتی سرمایہ کاری اور پیداوار کے لیے زیادہ معاون ماحول پیدا کیا ہے۔دستاویز کے مطابق مجموعی بہتری کے باوجود بعض صنعتی شعبوں کو بدستور مشکلات کا سامنا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صنعتی شعبے کی بحالی یکساں رفتار سے نہیں ہورہی۔ بیرونی معاشی غیر یقینی صورتحال، توانائی سے متعلق مسائل اور بعض شعبوں کی مخصوص مشکلات اب بھی صنعتی پیداوار کی رفتار کو متاثر کررہی ہیں۔رپورٹ میں توقع ظاہر کی گئی ہے کہ مالی سال 2026-27 کے دوران معاشی استحکام میں مزید بہتری کے ساتھ صنعتی سرگرمیاں بھی مضبوط ہوں گی۔ وزارت خزانہ کے مطابق مالی حالات میں آسانی، ملکی طلب میں اضافہ، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری اور جاری ساختی اصلاحات صنعتی ترقی کو آگے بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گی، تاہم بیرونی خطرات اور جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال معیشت کیلئے اہم چیلنجز بدستور رہیں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی ویلتھ پاک