i آئی این پی ویلتھ پی کے

ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان میں 457 ہائیڈرو-کلائمیٹ اسٹیشن لگانے میں مدد کرے گا،ویلتھ پاکستانتازترین

December 03, 2025

ایشیائی ترقیاتی بینک نے ملک بھر میں 457 ہائیڈرو-کلائمیٹ اسٹیشن لگانے کی منظوری دے دی ہے۔ یہ اسٹیشن سیلاب ٹیلی میٹری نیٹ ورک کے پہلے مرحلے کا حصہ ہیں۔ وزارتِ آبی وسائل کے حکام نے یہ بات قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔حکام نے بتایا کہ واپڈا اور فیڈرل فلڈ کمیشن نے اے ڈی بی کے تعاون سے اس منصوبے کا نیشنل ماسٹر پلان تیار کیا ہے۔ان اسٹیشنز کے ذریعے بارش،دریاں کے بہا، درجہ حرارت، نمی اور پانی و موسم سے متعلق دیگر اہم معلومات جمع کی جائیں گی۔ حکام کے مطابق "ریئل ٹائم" یعنی فوری مانیٹرنگ سے سیلاب کی پیشگوئی بہتر ہوگی، پانی کے وسائل کا بہتر انتظام ہو سکے گا اور وارننگ سسٹم مضبوط ہوگا۔مزید کہا گیا کہ اس نیٹ ورک سے حکومت کو بدلتے ہوئے موسم کا بہتر اندازہ ہوگا، آفات سے نمٹنے کی تیاری بہتر ہوگی اور طویل مدتی پانی کے منصوبوں میں بہتری آئے گی۔

یہ ڈیٹا زراعت، پن بجلی اور موسمیاتی تبدیلی سے بچا کے منصوبوں کے لیے بھی مددگار ہوگا۔کمیٹی کو بتایا گیا کہ وفاقی کابینہ نے 30 جولائی 2025 کو پی ای سی گرین بلڈنگ کوڈ اور بارش کے پانی کو محفوظ کرنے والا بلڈنگ کوڈ بھی منظور کیا ہے جو رہائشی، تجارتی اور صنعتی عمارتوں پر لاگو ہوگا۔کمیٹی نے سفارش کی کہ ٹیلی میٹری سسٹم کی تنصیب سے پہلے تمام متعلقہ اداروں کو اعتماد میں لیا جائے۔مزید بتایا گیا کہ نارا کینال، جو سکھر بیراج سے نکلتی ہے، 6 مین کینالز، 9 برانچ کینالز، 49 ڈسٹری بیوٹریز اور 167 مائنر لفٹ چینلز پر مشتمل ہے۔ یہ نظام سندھ کے 9 اضلاع میں 22.5 لاکھ ایکڑ زمین سیراب کرتا ہے۔کمیٹی کے اجلاس کی صدارت ایم این اے احمد عتیق انور نے کی جبکہ دیگر اراکین میں شمیلہ رانا، سید جاوید علی شاہ جیلانی، ذوالفقار علی بھیہن، صبا تالپور اور سید وسیم حسین شریک تھے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی ویلتھ پاک