i آئی این پی ویلتھ پی کے

دستاویزات کی تصدیق کے لیے وزارتِ خارجہ موبائل ایپ لانچ کرے گی: ویلتھ پاکستانتازترین

January 27, 2026

وزارتِ خارجہ ایک نئی موبائل ایپ لانچ کرنے جا رہی ہے جس کا مقصد انسانی مداخلت کو کم سے کم کرنا اور خاص طور پر عام تصدیق کے عمل کے لیے درخواستوں کی حقیقی وقت میں نگرانی کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ یہ بات ویلتھ پاکستان کو دستیاب ایک دستاویز میں سامنے آئی ہے۔دستاویز کے مطابق یہ اقدام وزارتِ خارجہ کی جانب سے اپنے نظام کو جدید اور ڈیجیٹل بنانے کی وسیع کوششوں کا حصہ ہے تاکہ عوام کے لیے خدمات کو زیادہ آسان اور موثر بنایا جا سکے۔یہ ایپ جو اس وقت تیاری کے مرحلے میں ہے، نہ صرف درخواستوں کی براہِ راست نگرانی کی سہولت دے گی بلکہ صارفین کو کم سے کم انسانی رابطے کے ساتھ وزارت کی خدمات حاصل کرنے کے قابل بھی بنائے گی۔ اس سے وزارتِ خارجہ کے دفاتر کے بار بار دورے کم ہوں گے اور درخواست دینے کا عمل مزید آسان ہو جائے گا۔یہ قدم حکومت کے مختلف اداروں اور ڈیٹا بیسزجن میں ہائر ایجوکیشن کمیشن، انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین، نادرا اور صوبائی ڈیٹا بیسز شامل ہیں، کو ایک مربوط اور موثر نظام میں شامل کرنے کے بڑے وژن کا حصہ ہے۔

اس کے علاوہ وزارتِ خارجہ اپنے احاطے میں ایک نیا قونصلر ہال بنانے کا بھی منصوبہ رکھتی ہے تاکہ خدمات کی بڑھتی ہوئی طلب کو بہتر طریقے سے پورا کیا جا سکے۔وزارت ایک جامع ون ونڈو حل پر بھی کام کر رہی ہے جس کے تحت معتبر سروس فراہم کرنے والے اداروں کے تعاون سے مکمل ڈیجیٹل نظام قائم کیا جائے گاتاکہ عوام ایک ہی جگہ سے تمام ضروری خدمات حاصل کر سکیں۔عام دستاویزات کی تصدیق کے عمل کو بھی ڈیجیٹل بنایا جائے گا جو پہلے سے کامیاب اپوسٹیل تصدیق کے نظام کی طرز پر ہوگا، اس سے دستاویزات کی تصدیق کا عمل جدید اور آن لائن کے ذریعے زیادہ آسان ہو جائے گا۔نئی ڈیجیٹل حکمتِ عملی کا ایک اہم پہلو وزیراعظم کے آسان خدمت مراکز کے ساتھ خدمات کو جوڑنا بھی ہے تاکہ مقامی سطح پر سرکاری خدمات کی فراہمی ممکن ہو سکے اور ملک بھر کے شہریوں کو بہتر سہولت ملے۔ویلتھ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری وزارتِ خارجہ آمنہ بلوچ نے کہا کہ اس تبدیلی کا مقصد وزارتِ خارجہ کو زیادہ موثر، شفاف اور عوام دوست بنانا ہے جہاں مستقبل میں سرکاری خدمات ایک بٹن دبانے پر دستیاب ہوں گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی ویلتھ پاک