پاکستان اور چین نے دونوں ممالک کی ایئرلائنز کو نئے براہ راست پروازوں کے روٹس شروع کرنے اور موجودہ پروازوں کی تعداد کو بڑھانے کے لیے حوصلہ افزائی کرنے پر اتفاق کیا ہے جس کا مقصد روابط، تجارت اور عوام کے درمیان تبادلے کو فروغ دینا ہے۔یہ فیصلہ چین پاکستان ایکشن پلان (2025-2029) کا حصہ ہے جس پر وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ بیجنگ کے دوران دستخط کیے گئے ۔ ویلتھ پاکستان کے پاس دستیاب پلان بریف میں سول ایوی ایشن کو عوام سے عوام کے تبادلے کے وسیع فریم ورک کے تحت تعاون کے ایک اہم شعبے کے طور پر شناخت کیا گیا ہے۔دستاویز میں کہا گیا ہے کہ دونوں فریق نئے روٹس شروع کرنے اور موجودہ روٹس کی فریکوئنسی بڑھانے میں ایئر لائنز کی مدد کرکے سول ایوی ایشن کے تعاون کو مضبوط کریں گے۔
اس اقدام کو دونوں ممالک کے درمیان کاروباری برادریوں، طلبا، سیاحوں اور پیشہ ور افراد کے لیے آسان سفر کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔سول ایوی ایشن تعاون ایکشن پلان کے دیگر شعبوں جیسے ثقافتی تبادلے، تعلیمی تعاون، سیاحت کی ترقی اور تجارتی سہولتوں سے بھی جڑا ہوا ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری اور علاقائی انضمام کی کوششوں پر جاری کام کی تکمیل کے لیے بہتر فضائی رابطے کی توقع ہے۔دونوں اطراف کے عہدیداروں نے اس بات پر زور دیا کہ براہ راست پروازوں کی توسیع سے لوگوں کے درمیان رابطوں کو گہرا کیا جائے گا، سفر کے وقت میں کمی آئے گی اور متعدد سطحوں پر دو طرفہ مشغولیت کے زیادہ مواقع پیدا ہوں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی ویلتھ پاک