اسپین میں سالانہ ائیر شو کے دوران جنگی لڑاکا طیارہ پرندوں کے جھنڈ سے ٹکرانے سے بال بال بچ گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی اسپین کے علاقے آسٹوریاس میں سالانہ گیجن ائیر فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میں اسپینش ائیر فورس کے جنگی لڑاکا طیارے ای ایف 18 ہورنٹ نے بھی حصہ لیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جنگی لڑاکا طیارہ ساحل پر زمین کی سطح کے بہت قریب آکر اپنے کرتب دکھا رہا تھا جسے دیکھنے کیلئے عوام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔جنگی لڑکا طیارہ اپنی پرفارمنس کے دوران پرندوں کے جھنڈ سے ٹکرانے سے بال بال بچ گیا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا سمیت خبروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔ساحل پر موجود بڑی تعداد میں شہریوں نے بھی اس منظر کو اپنی آنکھوں سے دیکھا اور کیمرے میں محفوظ کیا۔پائلٹ نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا استعمال کرتے ہوئے جہاز پر قابو پایا اور طیارے کو حادثے کا شکار ہونے سے بچانے کے ساتھ ساتھ شہریوں کی جان کی حفاظت کو بھی ممکن بنایا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی