انسانی حقوق کے عالمی ادارے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے برطانوی وزیراعظم کے حالیہ بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانوی حکومت غزہ میں جنگ کے خلاف لوگوں کے احتجاج کے حق کو محدود کرنے کی کوشش کر ر ہی ہے ۔ رشی سوناک کے اس بیان کے بعد ایمنسٹی انٹرنیشنل برطانیہ کے ڈائریکٹر الیاس ناگدی نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ میں بڑے پیمانے پر مظالم کے خلاف پرامن احتجاج کو انتہا پسندی سے نہیں جوڑا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے شہری غزہ میں فلسطینیوں کی ہلاکتوں کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد ناقابل برداشت حد تک بڑھ رہی ہے، برطانوی حکومت مصائب کو روکنے کے لیے فوری جنگ بندی کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا۔ الیاس ناگدی نے کہا کہ یہ انتہائی تشویشناک ہے کہ حکومت مظاہروں پر مزید پابندیاں عائد کرنا چاہتی ہے۔ یاد رہے کہ یکم مارچ کو رشی سوناک نے برطانیہ میں فلسطین کیحق میں احتجاج اور مظاہرے کرنے والوں کو شدت پسند قرار دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ برطانیہ میں مسلسل احتجاج جمہوریت کیلئے خطرہ ہے۔ برطانوی وزیر اعظم نے مزید کہا تھا کہ فلسطینیوں کیحق میں مسلسل احتجاج جمہوریت کیلئے خطرہ ہے، حماس کے حق میں بولنے والوں سے لڑنے کا وقت آگیا ہے، ملک میں کسی تشدد اور دھمکیوں کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ انہوں نے کہا تھا کہ برطانیہ میں شدت پسندوں کیخلاف کریک ڈاون کیاجائیگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی