اسرائیل ایران کشیدگی کے پیش نظر چین اور جنوبی کوریا نے اپنے شہریوں کو ہدایات جاری کردیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین نے اسرائیل سے اپنے شہریوں کو فوری انخلا کی ہدایت کردی ہے۔اسرائیل میں چین کے سفارت خانے نے منگل کے روز اپنے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ جلد سے جلد ملک چھوڑ دیں۔ اسرائیل میں چینی سفارت خانے نے وی چیٹ کے ذریعے ایک بیان میں چینی شہریوں سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر زمینی سرحدی گزرگاہوں کے ذریعے اسرائیل سے نکل جائیں۔سفارت خانے نے چینی شہریوں کو اردن کی جانب روانہ ہونے کی تجویز دی ہے۔سفارت خانے نے بیان میں کہا کہ تنازع بڑھتا جا رہا ہے۔ شہروں میں بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے، شہریوں کی ہلاکتوں میں اضافہ ہو رہا ہے اور سکیورٹی کی صورتحال مزید سنگین ہوتی جا رہی ہے۔دوسری جانب جنوبی کوریا نے بھی اپنے شہریوں سے ایران چھوڑنے کی اپیل کی ہے۔جنوبی کوریا کی وزارت خارجہ نے کہا کہ ایران کے تمام خطوں میں رہنے والے جنوبی کوریائی باشندوں کو جلد از جلد ملک چھوڑ دینا چاہیے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل جنوبی کوریا کے سفارت خانے نے ایران میں قونصلر خدمات معطل کردی تھیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی