i بین اقوامی

ایران کیساتھ جوہری تنازع پر براہ راست بات چیت آج ہوگی، امریکی وزیر خارجہتازترین

April 11, 2025

امریکا نے کہا ہے کہ ایران کیساتھ جوہری تنازع پربراہ راست بات چیت آج ( ہفتے )کو ہوگی جبکہ ایران کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں امریکا کی نیت اور عزم کا جائزہ لیں گے، امریکی دھمکیاں جاری رہیں تواقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے سے تعاون ختم اور اقوام متحدہ کے جوہری معائنہ کاروں کو ملک سے نکال دیں گے۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ بالواسطہ بات چیت عمانی ثالثوں کے ذریعے ہوگی، امریکی خصوصی ایلچی اور سینئر ایرانی رہنما میں بات چیت عمان میں ہوگی، ایران پر واضح کیا جائے گا اسے جوہری ہتھیار بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔دوسری جانب امریکا سے شیڈول مذاکرات کے حوالے سے ایران کا ردِعمل سامنے آیا ہے۔ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق امریکا کے ساتھ مذاکرات کو ایک حقیقی موقع دے رہے ہیں، آج ہفتے کو ہونے والے مذاکرات میں امریکا کی نیت اور عزم کا جائزہ لیں گے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق مذاکرات میں ایران کی نمائندگی ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اور امریکا کی نمائندگی امریکی صدر کے مندوب اسٹیو وٹکوف کریں گے۔ جبکہ ایران نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی دھمکیاں جاری رہیں تو وہ اقوام متحدہ کے جوہری ادارے سے تعاون ختم کر دے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے ایک سینئر مشیر کا کہنا ہے ایران دھمکیوں کے جواب میں اقوام متحدہ کے جوہری معائنہ کاروں کو ملک سے نکال سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر علی شمخانی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ مسلسل بیرونی خطرات اور ایران کو فوجی حملے کی صورتحال سے دوچار کرنے سے آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کو نکالنے اور اس کے ساتھ تعاون ختم کرنے جیسے اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔ یاد رہے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اس وقت سے کشیدہ ہیں جب فروری میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر دبا بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔بدھ کے روز صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر مذاکرات بغیر کسی معاہدے کے ختم ہوگئے تو ایران کے خلاف فوجی کارروائی ممکن ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی