i بین اقوامی

ایران پر اسرائیلی حملے عالمی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں، روستازترین

June 18, 2025

روس نے ایران پر اسرائیلی حملوں کو غیرقانونی اور عالمی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ صہیونی ریاست دنیا کو جوہری تباہی کی طرف دھکیل رہی ہے۔امریکی خبررساں ادارے کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران نے جوہری عدم پھیلا ئوکے معاہدے کی پاسداری کی جب کہ تہران کے جوہری پروگرام تنازع کا صرف سفارتکاری سے حل ممکن ہے۔روسی وزارتِ خارجہ نے اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران کی جوہری تنصیبات پر اپنے ان حملوں کو فوری طور پر بند کرے جنہیں ماسکو نے غیر قانونی قرار دیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ایران میں پرامن جوہری تنصیبات پر اسرائیلی فریق کے جاری شدت پسندانہ حملے بین الاقوامی قانون کے نقطہ نظر سے غیر قانونی ہیں، جو نہ صرف عالمی سلامتی کے لیے خطرات پیدا کررہے ہیں بلکہ دنیا کو ایک ایٹمی تباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں، جس کے اثرات اسرائیل سمیت ہر جگہ محسوس کیے جائیں گے۔

روس کی جانب سے اسرائیلی قیادت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ فوری طور پر ان جوہری تنصیبات اور مقامات پر حملے بند کرے جو بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی(آئی اے ای اے) کی نگرانی میں ہیں اور جن پر حفاظتی اقدامات لاگو ہوتے ہیں۔روس نے مغربی ممالک پر الزام لگایا کہ وہ صورتحال کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ یہ بات واضح ہے کہ مغربی بلاک کی جانب سے جوہری عدم پھیلا کے عالمی نظام کو چالاکی سے سیاسی مخالف ممالک سے حساب برابر کرنے کے لیے استعمال کرنا عالمی برادری کے لیے مہنگا ثابت ہو رہا ہے اور بالکل ناقابل قبول ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ روس نے ایران کی عدم پھیلا ئو کے معاہدے کی پاسداری اور امریکا کے ساتھ رابطے بحال کرنے کی تیاری کو نوٹ کیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی