کبھی کبھی زندگی ہمیں ایسے لمحوں سے دوچار کر دیتی ہے، جہاں حقیقت اور فلمی مناظر ایک دوسرے میں مل جاتے ہیں۔ ایسے ہی ایک غیر متوقع، خوفناک اور چونکا دینے والے لمحے کا سامنا اس وقت ہوا جب ایک نوجوان گیمر اپنے کمرے میں پرسکون بیٹھا گیم کھیل رہا تھا، نہ کوئی طوفانی میدان، نہ کوئی خطرناک دشمن، مگر ٹیکنالوجی کے راستے آسمانی بجلی نے اچانک اس پر حملہ کر دیا۔معمول کی رات تھی، ایک طوفانی شام کے ساتھ، جب امریکہ کی ریاست نارتھ کیرولائنا میں بیٹھے ایک یوٹیوبر کی لائیو اسٹریمنگ کے دوران اچانک ایسا واقعہ پیش آیا جس نے نہ صرف اس کی جان خطرے میں ڈال دی بلکہ لاکھوں ناظرین کو ششدر کر دیا۔گیمر اور یوٹیوبر کرسچیئن ہاورڈ جو chrispymate کے نام سے جانا جاتا ہے، پر اس وقت بجلی گر گئی جب وہ اپنے گھر سے لائیو اسٹریمنگ کر رہا تھا۔وہ ٹوئچ پر گیم کھیل رہا تھا اور اچانک بجلی کی تیز چمک اس کے کمرے کی کھڑکی کے باہر ظاہر ہوئی، جس سے پورا منظر ایک لمحے کے لیے روشن ہو گیا۔
ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ اگلے ہی لمحے اس کی ویب کیم میں خرابی آتی ہے، وہ اچانک جھٹکے سے اپنی کرسی سے اچھلتا ہے، اپنے وائرڈ ہیڈفونز کانوں سے کھینچ کر نکالتا ہے اور کمرے سے بھاگ جاتا ہے۔اسی لمحے اسٹریم پر ایک تیز کرنٹ کی آواز بھی سنائی دیتی ہے، جو ظاہر کرتی ہے کہ بجلی کا اثر ہیڈفونز کے ذریعے اس تک پہنچا۔ کچھ لمحوں بعد وہ دوبارہ واپس آتا ہے، مائیک کی طرف جھک کر ناظرین کو بتاتا ہے،میرے کانوں کے ذریعے میں نے محسوس کیا جیسے بجلی گزر گئی ہو۔بین الاقومی زریعہ ابلاغ کے مطابق، واقعے کے فورا بعد ہاورڈ نے اپنی بلیوں کو بھی چیک کیا تاکہ ان کی خیریت معلوم کر سکے۔ خوش قسمتی سے وہ مکمل طور پر محفوظ رہیں اور کسی بھی جسمانی علامات کی اطلاع نہیں ملی۔گیمر کا یہ جملہ بھی صارفین کو محظوظ کرگیا جو کہ مزاحیہ انداز میں کہا گیا، میں نے اگلے دن جم میں زندگی کی بہترین ایکسرسائز کی، شاید سپر پاور مل گئی ہو!مزید یہ کہ انہوں نے بتایا کہ ان کی آن لائن کمیونٹی نے ان کے ساتھ بہت ہمدردی اور محبت کا مظاہرہ کیا، جو ان کے لیے خوشی کا باعث ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی