i بین اقوامی

امریکہ، یوایس اسٹیل کے پلانٹ میں دھماکے، 2 افراد ہلاک، 10 زخمیتازترین

August 12, 2025

امریکا کے شہر پٹسبرگ کے قریب یو ایس اسٹیل کے ایک پلانٹ میں متعدد دھماکوں میں 2 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کمپنی اور مقامی حکام نے بتایا کہ یہ دھماکے کلیئرٹن کوک ورکس میں ہوئے، جو موناگاھیلا دریا کے کنارے قائم ایک بڑے صنعتی کمپلیکس کا حصہ ہے۔دھماکے مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے کے قریب ہوئے ، فائر فائٹرز نے آگ اور گھنے دھوئیں پر قابو پانے کی کوشش کی، جو پلانٹ سے بلند ہو رہا تھا، یہ پلانٹ یو ایس اسٹیل کی ملکیت ہے جو جاپانی کمپنی نِپون اسٹیل کی ذیلی ادارہ ہے۔ابتدا میں 2 افراد لاپتا بتائے گئے تھے، دوپہر کی بریفنگ میں الیگینی کانٹی پولیس کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ وکٹر جوزف نے بتایا کہ ایک شخص کو تلاش کر کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، یو ایس اسٹیل نے پیر کی شب رائٹرز کو ای میل کردہ بیان میں کہا کہ دوسرا لاپتا شخص طویل تلاش اور ریسکیو آپریشن کے بعد مردہ حالت میں ملا۔دھماکے کی وجہ کے بارے میں تاحال کچھ نہیں بتایا گیا، وکٹر جوزف نے کہا کہ اس واقعے کی تفتیش وقت طلب تکنیکی عمل ہوگی۔یو ایس اسٹیل کے صدر و سی ای او ڈیوڈ برِٹ نے ایک بیان میں کہا کہ کمپنی اس واقعے کی وجہ جاننے کے لیے مقامی حکام کے ساتھ کام کر رہی ہے۔

پنسلوانیا کے گورنر جاش شیپیرو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ پلانٹ میں متعدد دھماکے ہوئے ہیں اور ان کی انتظامیہ مقامی حکام سے رابطے میں ہے، انہوں نے لکھا کہ جائے وقوعہ اب بھی فعال ہے اور قریبی رہائشی مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں، یہ بیان اس وقت جاری کیا گیا جب ایک ملازم لاپتا تھا۔زخمیوں کی حالت کے بارے میں تفصیل سامنے نہیں آئی، تاہم میڈیا رپورٹس کے مطابق متعدد زخمیوں کو ہسپتال کے برن یونٹس میں داخل کرایا گیا۔کلیئرٹن کے میئر رچ لاٹانزی نے کہا کہ یہ شہر کے لیے ایک خوفناک دن ہے، کلیئرٹن پٹسبرگ کے جنوب میں تقریبا 32 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے اور یہ شہر طویل عرصے سے امریکا کا اسٹیل سٹی کہلاتا ہے۔یو ایس اسٹیل اس علاقے میں 19ویں صدی کے اواخر سے اسٹیل تیار کر رہا ہے، تاہم گزشتہ چند دہائیوں میں یہ صنعت زوال کا شکار ہوئی ہے اور متعدد پلانٹس بند یا ازسرِنو منظم کیے گئے ہیں۔

جون میں جاپان کی سب سے بڑی اسٹیل ساز کمپنی نِپون اسٹیل نے یو ایس اسٹیل کو 14.9 ارب ڈالر میں خریدنے کا عمل مکمل کیا ہے، یہ معاہدہ 18 ماہ تک امریکی حکومت کی منظوری کے لیے جاری کوششوں کے بعد ممکن ہوا تھا اور اس پر قومی سلامتی کے خدشات کے باعث چھان بین کی گئی تھی۔الیگینی کانٹی کی ایگزیکٹو سارہ اناموراتو نے بریفنگ میں بتایا کہ ایئر کوالٹی مانیٹرز نے دھماکوں کے بعد سلفر ڈائی آکسائیڈ کی سطح میں خطرناک اضافہ ریکارڈ نہیں کیا، تاہم پلانٹ کے ایک میل کے دائرے میں رہنے والے افراد کو گھروں کے اندر رہنے، کھڑکیاں اور دروازے بند رکھنے، ایچ وی اے سی سسٹمز کو ریسرکولیٹ موڈ پر رکھنے اور باہر کی ہوا کھینچنے والی سرگرمیوں سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی۔کلیئرٹن کوک ورکس امریکا کی سب سے بڑی کوک تیار کرنے والی فیکٹری ہے، جہاں تقریبا 1300 افراد کام کرتے ہیں، یہ پلانٹ 10 کوک اوون بیٹریوں پر مشتمل ہے، جو سالانہ تقریبا 4.3 ملین ٹن کوک تیار کرتی ہیں، کوک کو کوئلے کو انتہائی زیادہ درجہ حرارت پر گرم کر کے تیار کیا جاتا ہے اور یہ اسٹیل بنانے کے عمل میں بلاسٹ فرنسز میں استعمال ہوتی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی