i بین اقوامی

امریکہ کا اردن میں ڈرون حملے کا جواب دینے کا فیصلہ تازترین

January 31, 2024

امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ اردن میں امریکی فوجیوں پر ڈرون حملے کا جواب دینے کا فیصلہ کر لیا ہے،وائٹ ہائوس میں صحافیوں نے جب امریکی صدر جوبائیڈن سے پوچھا کہ کیا آپ نے اردن میں امریکی فوجی اڈے پر ڈرون حملے میں تین امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے حوالے سے اپنے ردعمل کا فیصلہ کر لیا ہے؟جس کے جواب نے امریکی صدر نے ہاں میں جواب دیا، تاہم انہوں نے اس موقع پر اپنے فیصلے کی تفصیل بتانے سے گریز کیا۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ طے کر لیا ہے کہ اردن میں امریکی فوجیوں پر حملے کا جواب کیسے اور کب دینا ہے، ہم مشرق وسطی میں جنگ کا پھیلائو نہیں چاہتے، امریکا کو خطے میں وسیع جنگ کی ضرورت نہیں۔قبل ازیں وائٹ ہائوس میں امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے ممکنہ ردعمل کے حوالے اجلاس ہوا جس میں مختلف ایرانی اہداف کو نشانہ بنانے کے حوالے سے امریکی صدر جوبائیڈن کو بریفنگ دی گئی، جوبائیڈن کی منظوری کے دو دن کے اندر ردعمل دیا جائے گا۔دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ مشرق وسطی کا ماحول خطرناک ہوتا جا رہا ہے، امریکی ردعمل کثیرالجہتی کا ہو سکتا ہے، مراحل میں آ سکتا ہے یا وقت کے ساتھ ساتھ بھی جاری رہ سکتا ہے، علاقائی ملیشیا کی قیادت کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔امریکی حکام نے کہا ہے کہ اردن میں فوجی اڈے پر حملے میں امریکی فوجیوں کی ہلاکتوں کے بعد واشنگٹن کا رد عمل عراق اور شام میں ہونے والے حملوں کے رد عمل سے زیادہ سخت ہو سکتا ہے، صدر جوبائیڈن پر فیصلہ کن جواب دینے کیلئے دبا بڑھ رہا ہے تاکہ آئندہ کبھی ایسا نہ ہو۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی