i بین اقوامی

امریکا، برطانیہ، فرانس اور جرمنی کا ایران سے نیوکلیئر ڈیل کیلئے اگست کی ڈیڈلائن پر اتفاقتازترین

July 16, 2025

امریکا، برطانیہ، فرانس اور جرمنی نے ایران سے نیوکلیئر ڈیل کیلئے اگست کے اختتام تک کی ڈیڈلائن مقرر کرنے پر اتفاق کرلیا۔ غیرملکی خبر رساںادارے کے مطابق امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے برطانوی ، فرانسیسی اور جرمن ہم منصب کو ٹیلی فون کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ ایران کے نیوکلیئر پروگرام پر حتمی سمجھوتے کیلئے اگست کے اختتام تک کی مہلت رکھی جائے۔ ڈیل نہ ہونے کی صورت میں یہ ممالک ایران پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی وہ تمام پابندیاں پھر سے عائد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جو 2015 میں ایران نیوکلیئر ڈیل کے موقع پر اٹھا لی گئی تھیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ایران نے اعلان کیا تھا کہ اگر امریکا نے یورینیم افزودگی بند کرنے پر اصرار کیا تو جوہری مذاکرات نہیں ہوں گے۔امریکا اور ایران کے درمیان جوہری پروگرام پر کئی مرتبہ مذاکرات ہو چکے ہیں، مگر اسرائیل کے اچانک حملوں نے ان مذاکرات کو روک دیا تھا۔جنگ کے اختتام کے بعد دونوں ممالک نے بات چیت کی بحالی کا عندیہ دیا ہے، لیکن ایران نے واضح کیا ہے کہ وہ جوہری توانائی کے پرامن استعمال کے اپنے حق سے دستبردار نہیں ہوگا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی