i بین اقوامی

امریکا کے ایچ ون بی ویزا کی 1 لاکھ ڈالر فیس، صدر ٹرمپ نے دستخط شدہ ایگزیکٹو آرڈر میں ممکنہ استثنات کی اجازت دی ہے،وائٹ ہائوستازترین

September 23, 2025

وائٹ ہائوس کے ترجمان ٹیلر راجرز نے بتایا کہ صدر ٹرمپ نے دستخط شدہ ایگزیکٹو آرڈر میں ممکنہ استثنات کی اجازت دی ہے۔وائٹ ہاس نے اشارہ دیا ہے کہ صدر ٹرمپ انتظامیہ کی متعارف کروائی گئی ایچ ون بی ویزا پالیسی سے ایک اہم ترین پیشے کو رعایت ملنے کا امکان ہے۔بھارتی ٹی وی رپورٹ کے مطابق ایچ ون بی ویزا کی ایک لاکھ ڈالر(پاکستانی تقریبا تین کروڑ روپے) کی نئی فیس سے ڈاکٹرز اور میڈیکل ریزیڈنٹس کو استثنا دیا جا سکتا ہے۔یہ وضاحت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا بھر میں طبی اداروں اور ماہرین نے دیہی علاقوں میں ڈاکٹروں کی ممکنہ قلت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔بلوم برگ نیوز سے گفتگو میں وائٹ ہائو س کی ترجمان ٹیلر راجرز نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے دستخط شدہ ایگزیکٹو آرڈر میں ممکنہ استثنات کی اجازت دی گئی ہے، جن میں فزیشنز (ڈاکٹرز) اور میڈیکل ریزیڈنٹس بھی شامل ہو سکتے ہیں۔

ایگزیکٹو آرڈر کے مطابق، اگر امریکی وزیر برائے ہوم لینڈ سیکیورٹی یہ طے کریں کہ کسی مخصوص فرد یا کمپنی/صنعت کے لئے بیرونی ورکر کی خدمات حاصل کرنا قومی مفاد میں ہے، تو وہ اس بھاری فیس سے مستثنی ہو سکتے ہیں۔ٹیلر راجرز کا کہنا تھا کہ بالآخر، ٹرمپ انتظامیہ اس اعلان میں درج زبان پر انحصار کرتی ہے۔امریکی دیہی علاقوں میں ڈاکٹروں کی پہلے ہی قلت موجود ہے، اور طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک لاکھ ڈالر کی بھاری فیس بین الاقوامی میڈیکل گریجویٹس کے امریکا آنے کے راستے بند کر سکتی ہے۔ کئی بڑی طبی تنظیموں نے اس پالیسی پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور ممکنہ ڈاکٹرز کی قلت کا انتباہ دیا ہے۔اس فیصلے کا اعلان جمعہ کو کیا گیا، جس کے بعد وائٹ ہائوس نے کمپنیوں کو یقین دہانی کروائی ہے کہ یہ فیس موجودہ H-1B ویزا ہولڈرز پر لاگو نہیں ہو گی۔وہ ملازمین جو بیرون ملک سفر پر ہیں، انہیں دوبارہ امریکا داخل ہونے کے لئے ایک لاکھ ڈالر فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔یہ نئی پالیسی اتوار سے نافذ ہو چکی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی