امریکی ریاست نیو جرسی کے ٹائون مائونٹ لارل سے میئر منتخب ہو کر تاریخ رقم کرنے والی پاکستانی نژاد امریکی خاتون فوزیہ جنجوعہ نے بیٹوں کے ہمراہ پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کر دیا،فوزیہ جنجوعہ نے پاکستانی سفیر مسعود خان سے ورچوئل میٹنگ کے دوران کہا کہ مجھے پاکستانی نژاد ہونے پر بہت فخر ہے اور میری کامیابی دونوں ممالک کی ثقافتوں کے درمیان اچھے تعلقات کو فروغ دینے کا عزم ہے،انہوں نے امریکا میں اپنے سیاسی کیریئر کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ مجھے سیاست میں آنے کا موقع اپنے سماجی کاموں کی وجہ سے ملا،نیو جرسی کی میئر نے بتایا کہ میں سیاست میں آنے سے پہلے قیدیوں اور پسماندہ بچوں کو پڑھاتی تھی اور نرسنگ ہومز میں جا کر بزرگوں کو بھی پڑھاتی تھی،انہوں نے بتایا کہ میں آج کی اس منقسم دنیا میں ایک متحدہ کمیونٹی بنانا چاہتی ہوں جو معاشرے میں افہام و تفہیم کو فروغ دے،پاکستانی سفیر مسعود خان نے اس ورچوئل میٹنگ میں کہا کہ امریکا میں پاکستانی نژاد امریکی سماجی، معاشی اور سیاسی منظر نامے میں اپنا بھرپور حصہ ڈال رہے ہیں، اس وقت امریکا کی مختلف ریاستوں میں 10اسمبلی ممبران ہیں جو امریکا اور پاکستان دونوں ممالک کے لیے یکساں تبدیلیاں لا رہے ہیں،انہوں نے فوزیہ جنجوعہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا انتخاب امریکی سیاسی قیادت میں مختلف تہذیبوں کا خیر مقدم کرنے کے بڑھتے ہوئے رجحان کو ظاہر کرتا ہے،پاکستانی سفیر مسعود خان نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلق بھی بنایا جاسکتا ہے کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ سرمایہ کاری کی وسیع صلاحیتیں موجود ہیں،انہوں نے چکوال اور ٹاون آف مانٹ لوریل کے درمیان سسٹر سٹی شراکت داری قائم کرنے کے امکان پر بھی بات کی،فوزیہ جنجوعہ نے اس بات پر کہا کہ میرا تعلق چکوال سے ہے تو مجھے تو اس طرح کی شراکت داری قائم ہونے پر بہت خوشی ہوگی،انہوں نے اس میٹنگ کے دوران اردو زبان میں پاکستانی کھانوں، ڈراموں اور موسیقی کے لیے اپنی پسندیدگی کا اظہار بھی کیا،فوزیہ جنجوعہ نے کہا کہ میں اپنے بیٹوں کے ساتھ پاکستان کا دورہ کرنا چاہتی ہوں کیونکہ میرے بیٹے ابھی تک کبھی پاکستانی نہیں گئے لیکن پھر بھی پاکستانی تہذیب دیکھنے کے لیے بہت پر جوش ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی