i بین اقوامی

امریکی صدر کا ٹیرف معطلی کے 90 روز کے دورانیے میں توسیع کا عندیہتازترین

April 11, 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیرف معطلی کے 90 روز کے دورانیے میں توسیع کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیرف معاملات بات چیت سے حل ہونے کی قوی امید ہے،جبکہ چین کے ساتھ معاہدہ کرنا پسند کروں گا، اگرمعاہدہ نہیں ہوتا تو ہم وہیں چلے جائیں گے جہاں تھے۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کابینہ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا نے تجارت کے معاملے پر ہم سے انصاف نہیں کیا، کہتے ہیں کل کا دن زبردست تھا، ایک تاریخی دن تھا، اب سب چیزیں بہتری کی طرف جا رہی ہیں، مقصد حاصل کرلیا۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مہنگائی، بے روز گاری، شرح سود میں کمی ہورہی ہے، محصولات سے حاصل ہونے والے پیسے سے قرض چکائیں گے۔ امریکی صدر نے کہا کہ ٹیرف معطلی کے 90روز کے دورانئے میں توسیع ہو سکتی ہے،ٹیرف معاملات بات چیت سے حل ہونے کی قوی امید ہے،اگر بات چیت سے معاملات حل نہ ہوئے تو امریکی مفادات کا تحفظ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ معاملات طے نہ ہونے پر 90روز بعد ٹیرف دوبارہ عائد ہو جائے گا، جوں جوں بات چیت آگے بڑھے گی ٹیرف کی مدت میں توسیع ممکن ہے۔اس دوران صحافی نے سوال کیا کہ امریکی سٹاک مارکیٹس میں شدید مندی ہے جس پر صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اڑھائی گھنٹے سے میٹنگ میں ہوں،مارکیٹ دیکھ نہیں سکا۔صدر ٹرمپ نے کہا غزہ سے یرغمالیوں کو واپس لانے کے قریب ہیں، اسرائیل اور حماس دونوں سے بات چیت کر رہے ہیں۔امریکی وزیر خزانہ سکاٹ بیسینٹ نے اس موقع پر کہا کہ ٹیرف معاملات پر آئندہ 90روز میں صورتحال واضح ہو جائے گی،مہنگائی میں کمی آئے گی،بانڈ مارکیٹ دوبارہ بہتر ہو جائے گی، ابھی تک کوئی غیر معمولی صورتحال پیدا نہیں ہوئی۔صدر ٹرمپ نے کہا ٹیرف معاملات پر پالیسی تبدیلی ، لاگت اور منتقلی کے مسائل آئیں گے،امریکا عالمی معیشت میں پہلے سے بہتر پوزیشن میں ہے،ٹیرف عائد ہونے کے بعد خزانے میں یومیہ اربوں ڈالر کی آمدنی آ رہی ہے،امریکی مفادات کی تحفظ پسند پالیسیوں کے بہتر نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی